اسلام آباد، 16 نومبر (اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) کو مالی سہولیات کی فراہمی، ایس ایم ای کنیکٹ پورٹل پر پیش رفت اور برآمدات سے وابستہ کاروباروں کے لیے فنانسنگ کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار ملکی معاشی سرگرمیوں، سرمایہ کاری اور روزگار کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے ان کے لیے مالی وسائل تک رسائی آسان بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے وزیراعظم کے وژن کے مطابق ایس ایم ای شعبے کو مضبوط بنانے اور برآمدات کے فروغ کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
اجلاس کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے ایس ایم ای کنیکٹ پورٹل پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ بتایا گیا کہ یہ پورٹل کاروباری اداروں کو اپنی تفصیلات اور مالی ضروریات درج کرانے، درخواستوں کی پیش رفت معلوم کرنے اور بینکوں کے ردعمل سے متعلق معلومات حاصل کرنے میں سہولت فراہم کرتا ہے۔
وزیر خزانہ نے پورٹل کو ایس ایم ای فنانسنگ کے عمل میں شفافیت اور مؤثر نگرانی کے لیے اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ کاروباری اداروں کو مالی سہولیات کے حصول میں آسانی فراہم کرنے کے لیے اس نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے ڈیجیٹل سہولیات تک محدود رسائی رکھنے والے کاروباری افراد کے لیے بینک برانچوں کے ذریعے بھی معاونت یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان (ایگزم بینک) کی جانب سے برآمدات کے فروغ کے لیے فنانسنگ اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ایس ایم ایز کے لیے ایکسپورٹ فنانس اسکیم کے تحت خصوصی مالی معاونت مختص کی گئی ہے، جس کا مقصد برآمدی سرگرمیوں سے وابستہ کاروباری اداروں کی ورکنگ کیپیٹل ضروریات پوری کرنا اور ان کی کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دینا ہے۔اجلاس میں برآمدات سے وابستہ منصوبوں میں سرمایہ کاری اور طویل المدتی فنانسنگ تک ایس ایم ایز کی رسائی بہتر بنانے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خزانہ نے متعلقہ اداروں کے درمیان مسلسل رابطے اور تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے مالی سہولیات کی فراہمی آسان بنانا، نجی شعبے کی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور برآمدات میں ان کی شمولیت بڑھانا ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک، وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، گورنر اسٹیٹ بینک، چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان، چیئرمین پاکستان بینکس ایسوسی ایشن، چیف ایگزیکٹو آفیسر سمیڈا اور متعلقہ وزارتوں و اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔











