اقوام متحدہ، 06نومبر (اے پی پی): اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر سید حیدر شاہ نے کہا ہے کہ جنگی کارروائیوں کے آغاز کے ساتھ سفارت کاری کا عمل ختم نہیں ہونا چاہیے بلکہ ایسے حالات میں سفارت کاری کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔ پاکستان تنازعات کے پرامن حل، مذاکرات اور عالمی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
انہوں نے یہ بات پاکستان کی پیش کردہ تجویز پر سلامتی کونسل کی جانب سے ’’فعال مسلح مخاصمت کے دوران سفارت کاری کا کردار‘‘ کے موضوع پر صدارتی بیان کی منظوری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
سفیر سید حیدر شاہ نے صدارتی بیان کی منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے سلامتی کونسل کے تمام ارکان کے تعمیری تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے مختلف خطوں میں جاری تنازعات کے باعث انسانی مصائب میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، ایسے حالات میں سفارتی روابط برقرار رکھنا ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل تنازعات کی روک تھام اور اختلافات کے پرامن حل پر ہمیشہ زور دیتی رہی ہے۔ جولائی 2025 میں پاکستان کی صدارت کے دوران متفقہ طور پر منظور کی گئی قرارداد 2788 کی بنیاد پر موجودہ صدارتی بیان ایک اہم پیش رفت ہے، جس میں جنگی کارروائیوں کے آغاز کے بعد بھی سفارتی روابط اور مذاکرات جاری رکھنے کی ضرورت کو اجاگر کیا گیا ہے۔
پاکستانی مستقل مندوب نے کہا کہ خیرسگالی کی کوششوں، رابطے کے ذرائع کھلے رکھنے اور مسلسل مذاکرات کے ذریعے کشیدگی میں کمی اور تنازعات کے پرامن حل کی راہ ہموار کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تشدد میں اضافہ اور فریقین کے درمیان اعتماد ختم ہو رہا ہو تو سفارت کاری کی ضرورت مزید بڑھ جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدارتی بیان میں کشیدگی پر قابو پانے، انسانی امداد کی محفوظ اور بلارکاوٹ فراہمی، جنگی کارروائیوں کی بندش، جنگ بندی اور پائیدار سیاسی تصفیے کے لیے سازگار حالات پیدا کرنے میں سفارت کاری کے کردار کی توثیق کی گئی ہے۔
سفیر سید حیدر شاہ نے کہا کہ سلامتی کونسل کی جانب سے اس اہم معاملے پر مشترکہ مؤقف اختیار کرنا ایک بامعنی پیش رفت ہے، جو موجودہ اور مستقبل کے تنازعات میں سفارتی کوششوں کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا یہ اقدام کثیرالجہتی تعاون، مذاکرات، سفارت کاری اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے اس کے مستقل عزم کا مظہر ہے۔ پاکستان بین الاقوامی امن و سلامتی کے قیام کے لیے سلامتی کونسل کی کوششوں میں تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔











