تین روزہ ٹورازم سپورٹس اینڈ فیملی فیسٹیول کا آغاز

3

اسلام آباد، 06نومبر (اے پی پی):  پاکستان کے سب سے بڑے ٹورازم ،سپورٹس  اینڈ فیملی فیسٹیول کا اسلام اباد سپورٹس کمپلیکس میں آغاز ہو گیا جس میں پہلے ہی دن منفرد سرگرمیوں نے لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کر لیا۔

فیسٹیول میں ایڈونچر ٹورازم کی سرگرمیاں لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئیں جن میں پیراگلائیڈنگ ،پیرا موٹر فلائنگ، ہاٹ ایئر بلون، ہارس رائڈنگ، ہیوی بائیک شو، کار شو شامل ہیں۔

فیسٹیول میں ڈپلومیٹک کمیونٹی کے سٹالز بھی لگائے گئے ہیں جس میں مختلف ممالک نے اپنے ثقافتی ورثے، اپنی سیاحت ،روایات اور اپنے کھانوں کی منفرد انداز میں عکاسی کی ہے۔ فیسٹیول میں پاکستان کے تمام صوبوں کے ثقافتی سٹالز بھی موجود تھے جہاں پر تمام صوبوں کی ثقافت ،روایات ،وہاں کے رہن سہن کی عکاسی کی گئی تھی۔

فیسٹیول میں پاکستان کے روایتی کھانوں کے علاوہ مشہور برانڈز کے سٹالز بھی شامل ہیں جبکہ  بڑی تعداد میں خواتین دستکاروں نے اور پاکستان کے تمام صوبوں کے دستکاروں نے اپنی ثقافتی اشیاء سجا رکھی ہیں۔فیسٹیول میں بچوں کے لیے پلے اور ایکٹیوٹی ایریا بھی شامل ہے۔

 فیسٹیول کا افتتاح وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی،ترقی و خصوصی اقدامات، احسن اقبال اور وزیراعظم کے کوارڈینیٹر برائے سیاحت ،سردار یاسر الیاس نے کیا جبکہ بڑی تعداد میں ڈپلومیٹک کمیونٹی، اور ایم ڈی پاکستان ٹورازم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن آفتاب الرحمن رانا بھی ان کے ہمراہ تھے۔

فیسٹیول 8 نومبر تک جاری رہے گا جس میں میوزیکل ایوننگز، کونسرٹس فلائنگ لینٹرن، آتش بازی اور مختلف سپورٹس کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔