جیلانی پارک میں شہریوں کے لیے ہارٹی کلچر ایجنسی لاہور کا مفت یوگا سینٹر

6

لاہور، 04 نومبر ( اے پی پی ):   ہارٹی کلچر ایجنسی لاہور کی جانب سے شہریوں کو صحت مند طرزِ زندگی کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے جیلانی پارک میں مفت یوگا سینٹر قائم کیا گیا ہے، جہاں روزانہ صبح کے اوقات میں شہریوں کی بڑی تعداد یوگا کی مختلف مشقوں میں حصہ لے رہی ہے۔سرسبز و شاداب ماحول میں قائم یوگا سینٹر شہریوں کو جسمانی صحت کے ساتھ ذہنی سکون اور تازگی فراہم کرنے کا ایک بہترین موقع فراہم کر رہا ہے۔ یوگا سینٹر صبح 5 بجے سے 9 بجے تک شہریوں کے لیے کھلا رہتا ہے، جہاں ایک وقت میں 30 افراد کے ورزش کرنے کی گنجائش موجود ہے۔ جیلانی پارک کے گیٹ نمبر 3 سے چند قدم کے فاصلے پر واقع ہے۔ یہاں ہر عمر کے شہری بلا معاوضہ یوگا کی سہولت سے مستفید ہو سکتے ہیں۔اس حوالے سے ایم ڈی ہارٹی کلچر ایجنسی لاہور احمد عثمان جاوید کا کہنا تھا کہ شہریوں کو پارکوں میں صحت مند اور متحرک طرزِ زندگی کی طرف راغب کرنے کیلیے کوشاں ہیں  جیلانی پارک میں مفت یوگا سینٹر کا قیام اسی سلسلے کی ایک اہم کاوش ہے۔انہوں نے کہا کہ ہارٹی کلچر ایجنسی لاہور شہریوں کو پارکس میں تفریح کے ساتھ صحت مند سرگرمیوں کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے۔ یوگا سینٹر تمام شہریوں کے لیے مفت ہے اور ہر عمر کے افراد اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ایم ڈی احمد عثمان جاوید نے شہریوں کو دعوت دی کہ وہ اپنی صبح کا آغاز صحت مند سرگرمیوں سے کریں، جیلانی پارک آئیں اور یوگا کے ذریعے بہتر اور متوازن طرزِ زندگی اپنائیں۔