اسلام آباد، 18 نومبر (اے پی پی): پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس گارڈن ایونیو اسلام آباد میں جاری جے-30 صبحِ نو پاکستان ورلڈ جونیئر ٹینس چیمپئن شپ 2026ء میں پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے سنگلز اور ڈبلز کے کوارٹر فائنل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، جہاں بوائز سنگلز کے تیسرے راؤنڈ رابن مرحلے کے بعد پاکستان کے عبدالباسط، احتشام ہمایوں، زوہیب افضل ملک، عامر مزاری اور حسن عثمانی نے آخری آٹھ کھلاڑیوں میں جگہ بنا لی جبکہ ڈبلز ایونٹ میں عبدالباسط، حمزہ رومان، عامر مزاری، زوہیب افضل ملک، ایم حذیق عاصم، عمر جواد اور محمد یحییٰ کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔
چیمپئن شپ میں پاکستان سمیت روس، ہانگ کانگ، چین، تھائی لینڈ، قازقستان، بنگلہ دیش، سنگاپور، سری لنکا، سربیا، آسٹریلیا، اسپین، کینیڈا، سویڈن، جرمنی اور جاپان کے مجموعی طور پر 55 کھلاڑی (33 بوائز اور 22 گرلز) حصہ لے رہے ہیں۔ چیمپئن شپ کے اگلے مرحلے کے مقابلے جمعرات کو صبح 9 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوں گے۔











