سفیر سید حیدر شاہ نے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو اسنادِ سفارت پیش کر دیں

6

اقوام متحدہ، 3 نومبر (اے پی پی): اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے نو تعینات  مستقل مندوب، سفیر سید حیدر شاہ نے بدھ کو نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو اپنی اسنادِ سفارت پیش کر دیں۔

اس موقع پر سفیر حیدر شاہ نے وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ پاکستان کی جانب سے نیک تمناؤں اور خیرسگالی کے پیغامات پہنچائے۔ انہوں نے کثیرالجہتی نظام، اقوامِ متحدہ کے منشور کے مقاصد و اصولوں کی پاسداری اور امن و سلامتی، پائیدار ترقی اور انسانی حقوق کے تینوں بنیادی شعبوں میں اقوامِ متحدہ کے کردار اور کاوشوں کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

سیکریٹری جنرل نے بھی خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مثبت، فعال اور تعمیری کردار اور خدمات کو سراہا۔

سفیر حیدر شاہ فارن سروس آف پاکستان کے سینئر افسر ہیں۔ موجودہ ذمہ داری سنبھالنے سے قبل وہ نیدرلینڈز میں پاکستان کے سفیر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ اس سے قبل، وزارتِ خارجہ، اسلام آباد میں ایڈیشنل سیکریٹری (اقوامِ متحدہ و تنظیمِ تعاونِ اسلامی) کے منصب پر فائز رہے۔

انہوں نے نیپال میں پاکستان کے سفیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ اس سے قبل نئی دہلی میں پاکستان ہائی کمیشن میں ڈپٹی ہیڈ آف مشن رہے، جبکہ قائم مقام ہائی کمشنر کی ذمہ داریاں بھی نبھائیں۔سفیر حیدر شاہ کو کثیرالجہتی سفارت کاری، بین الاقوامی قانون، انسدادِ دہشت گردی، افغانستان اور جنوبی ایشیا کے امور میں وسیع تجربہ حاصل ہے.انہوں نے نیویارک میں اقوامِ متحدہ کی انسدادِ دہشت گردی کمیٹی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹوریٹ  میں قانونی افسر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ سلامتی کونسل کی جانب سے 2004ء میں قائم کردہ یہ ادارہ انسدادِ دہشت گردی کمیٹی کے کام میں معاونت فراہم کرتا ہے، جس میں انسدادِ دہشت گردی کے لیے تکنیکی معاونت کی فراہمی میں سہولت کاری، نیز اس ضمن میں قانونی اور انسانی حقوق کے پہلوؤں سے متعلق امور شامل ہیں۔

انہوں نے 2002ء سے 2006ء تک نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے لیے پاکستان کے مستقل مشن میں بھی خدمات انجام دیں، جہاں وہ جنرل اسمبلی کی چھٹی کمیٹی کے امور کے نگران تھے۔ اس دوران انہوں نے سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کی متعدد قراردادوں پر مذاکراتی عمل میں حصہ لیا۔

اپنے سفارتی کیریئر کے دوران سفیر حیدر شاہ نے دنیا کے مختلف حصوں میں منعقد ہونے والی متعدد بین الاقوامی کانفرنسوں میں شرکت کی۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاسوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور مختلف بین الاقوامی معاہدوں اور کنونشنز کے مذاکراتی عمل میں بھی فعال کردار ادا کیا۔