لاہور،05نومبر (اے پی پی ): پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) لاہور نے شہر کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے شنگھائی روڈ پر نئی گرین بیلٹ کی ڈویلپمنٹ کا آغاز کر دیا ہے۔ ایم ڈی پی ایچ اے احمد عثمان جاوید کے مطابق فیروزپور روڈ لنک سے کماہاں موٹروے تک 3.3 کلومیٹر طویل گرین بیلٹ ڈویلپ کی جا رہی ہے، جس کی چوڑائی 12 فٹ ہے۔
ایم ڈی پی ایچ اے احمد عثمان جاوید نے بتایا کہ نئی گرین بیلٹ پر 2 ہزار مقامی درخت لگائے جائیں گے، جن میں سکھ چین، ارجن، ٹرمینلیا، تبوبیا اور کچنار کے درخت شامل ہیں۔ اس کے علاوہ گرین بیلٹ کو خوبصورت بنانے کے لیے گھاس اور مقامی پھول بھی لگائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نئی گرین بیلٹ علاقے میں ماحولیاتی بہتری، فضائی آلودگی میں کمی اور خوبصورتی کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی۔ سرسبز لاہور وژن کے تحت شہر بھر میں گرین بیلٹس کی ڈویلپمنٹ اور موجودہ گرین بیلٹس کی دیکھ بھال کا سلسلہ جاری ہے۔
ایم ڈی پی ایچ اے احمد عثمان جاوید نے کہا کہ پی ایچ اے شہریوں کو صاف، سرسبز اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ گرین بیلٹس اور پودوں کی حفاظت میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ شہر کی خوبصورتی اور سرسبزی کو برقرار رکھا جا سکے۔











