کراچی 05 نومبر (اے پی پی): خاتونِ اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس کراچی میں سفارتی بازار کے دوسرے ایڈیشن “سنگم” کا باقاعدہ افتتاح کر دیا، جس کا انعقاد وزارتِ خارجہ کے فارن افیئرز لائزن آفس (FALO) نے کیا۔ “انسانی وقار، دوستی اور عالمگیر اخوت” کے عنوان سے منعقدہ اس تقریب کا مقصد مختلف اقوام کے درمیان ثقافتی تبادلے اور باہمی روابط کو فروغ دینا تھا۔
تقریب میں 25 سے زائد ممالک کے سفارت کاروں، سینئر سرکاری حکام، تاجر برادری اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خاتونِ اول نے تکنیکی ترقی کے ساتھ ساتھ انسانی ہمدردی کے فروغ پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جدید دور میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور سائنس کے شعبے میں تیز رفتار پیش رفت ہو رہی ہے، مگر اس کے باوجود دنیا میں لاکھوں افراد فاقہ کشی، غربت اور تنازعات کا شکار ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر ہم مشینوں کو سوچنا سکھا رہے ہیں تو کیا ہم نے انسانوں کو ایک دوسرے کا احساس کرنا سکھایا ہے؟
آصفہ بھٹو زرداری نے اپنی والدہ، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے وژن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا خواب ایک ایسا پاکستان تھا جو عالمی برادری میں وقار کے ساتھ کھڑا ہو اور تصادم کے بجائے مذاکرات کو ترجیح دے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر دوستی اور تعاطف کا جشن مناتے وقت غزہ اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے معصوم بچوں پر ہونے والے مظالم کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ انصاف کے بغیر پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں۔
کراچی شہر کے تنوع اور سخاوت کو سراہتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے اقدامات سے نوجوانوں، خواتین صنعت کاروں اور فنکاروں کے لیے ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور ڈین آف ڈپلومیٹک کور سامی عبداللہ سلیم الخنجری نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے عوامی اور سفارتی سطح پر تعلقات کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔
تقریب کے اختتام پر خاتونِ اول نے مختلف ممالک کے اسٹالز کا دورہ کیا، انعامات تقسیم کیے اور کیک کاٹنے کی تقریب میں شرکت کی۔











