صوبائی وزیرمحمد منشاء اللہ بٹ نے خیابان اقبال پارک میں گوشہ اقبال کا سنگ بنیاد رکھ دیا

10

سیالکوٹ، 9 نومبر ( اے پی پی): صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت محمد منشاء اللہ بٹ نے خیابان اقبال پارک سیالکوٹ میں گوشہ اقبال کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس موقع پر کمشنر گوجرانوالہ محمد علی، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق اور رکن صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام بھی موجود تھے۔

گوشہ اقبال کا قیام شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے یوم ولادت کے تناظر میں ان کی فکر، فلسفے اور پیغام کو نئی نسل سمیت عوام کے وسیع حلقوں تک پہنچانے کی ایک اہم کاوش ہے۔ یہ منصوبہ سیالکوٹ کی تاریخی، ادبی اور ثقافتی شناخت کو مزید اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ شہر میں علمی و ادبی سرگرمیوں کے فروغ کا ایک نیا باب رقم کرے گا۔

گوشہ اقبال کے قیام کا بنیادی مقصد علامہ اقبال اور مولانا جلال الدین رومی کے فکری و روحانی تعلق کو سمجھنے، ان کے پیغام کی معنویت کو اجاگر کرنے اور فکر اقبال کو عوامی سطح پر عام کرنے کے لئے ایک ایسا ماحول فراہم کرنا ہے جہاں علم، ادب، فلسفہ اور ثقافت باہم مربوط ہوں۔ علامہ اقبال کی شاعری اور فلسفے میں مولانا رومی کی رہنمائی اور اثرات کو نمایاں اہمیت حاصل ہے، جس کے ذریعے خودی، عشق، عمل اور انسانی عظمت کے تصورات کو نئی نسل تک مؤثر انداز میں منتقل کیا جا سکے گا۔

صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت محمد منشاء اللہ بٹ کے وژن کے مطابق گوشہ اقبال محض ایک عمارت یا یادگاری مقام نہیں بلکہ ایک فعال علمی، ادبی اور ثقافتی مرکز ہوگا، جہاں شہریوں، طلبہ، نوجوانوں، اہل قلم اور ادب سے دلچسپی رکھنے والے افراد کو باہمی رابطے، مکالمے اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع میسر آئیں گے۔ اس منصوبے کا مقصد فکر اقبال کو کتابوں اور تقریبات تک محدود رکھنے کے بجائے اسے معاشرتی زندگی کا حصہ بنانا اور نوجوانوں میں تخلیقی سوچ، خود اعتمادی، علم دوستی اور قومی شعور کو فروغ دینا ہے۔

گوشہ اقبال میں آرٹ گیلری، لائبریری، ادبی بیٹھک اور اوپن ایئر تھیٹر سمیت مختلف علمی و ثقافتی سہولیات شامل ہوں گی۔ آرٹ گیلری فنون لطیفہ اور تخلیقی اظہار کے فروغ کا ذریعہ بنے گی، لائبریری مطالعے اور تحقیق کے رجحان کو تقویت دے گی جبکہ ادبی بیٹھک اہل قلم، دانشوروں اور نوجوانوں کے درمیان فکری مکالمے اور ادبی سرگرمیوں کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔ اوپن ایئر تھیٹر کے ذریعے مشاعروں، ادبی تقریبات، ڈراموں اور ثقافتی پروگراموں کے انعقاد کی راہ ہموار ہوگی۔