اقوام متحدہ، 9 نومبر )اے پی پی) : پاکستان نے یوکرین تنازع میں فوری کشیدگی کم کرنے، بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی انسانی قانون کی پاسداری یقینی بنانے اور جامع و پائیدار امن کے حصول کے لیے مذاکرات کی جانب دوبارہ رجوع کرنے پر زور دیا ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے یوکرین سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب، سفیر سید حیدر شاہ نے لڑائی میں مسلسل شدت اور اس کے نتیجے میں شہری آبادی اور شہری تنصیبات کو پہنچنے والے نقصانات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے شہری ہلاکتوں میں اضافے اور توانائی کی تنصیبات، نقل و حمل کے ذرائع اور تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے کے واقعات پر بالخصوص تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ اس تنازع کے سنگین انسانی اثرات، عالمی غذائی اور توانائی تحفظ پر اس کے منفی اثرات کے ساتھ، خطے سے باہر ترقی پذیر ممالک کو بھی متاثر کر رہے ہیں۔
سفیر شاہ نے دونوں فریقوں پر زور دیا کہ وہ تنازع کو مزید پھیلانے سے گریز کریں، کشیدگی میں کمی لائیں، بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں کی پوری پاسداری کریں اور لڑائی کے جلد خاتمے کے لیے مذاکرات کی جانب دوبارہ رجوع کریں۔
اولیشکی (Oleshky) میں حالیہ پیش رفت کا حوالہ دیتے ہوئے سفیر شاہ نے کہا کہ حقیقی، ٹھوس اور بامعنی پیش رفت صرف مذاکرات اور باہمی تعاون کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے ممکنہ انسانی المیے کو ٹالنے کے لیے دونوں فریقوں کے باہمی تعاون اور مل کر کام کرنے کو سراہا اور محصور شہریوں کے بحفاظت انخلا کے لیے محدود مدت کی جنگ بندی کے تحت کی جانے والی کوششوں کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔
یوکرین اور روس کے درمیان ابوظہبی میں ورکنگ لیول کے مذاکراتی اجلاسوں کی اطلاعات کا نوٹس لیتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں فریق جامع اور پائیدار امن کے حصول کے مقصد سے بامعنی مذاکرات میں سنجیدگی کے ساتھ شریک ہوں گے۔
سفیر شاہ نے اس امر پر زور دیا کہ فوری اور مؤثر جنگ بندی فریقین کے درمیان اختلافات دور کرنے اور تنازع کے پُرامن حل کی راہ ہموار کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے، جو بدستور واحد قابلِ عمل اور ذمہ دارانہ راستہ ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اس تنازع کے پائیدار اور پُرامن حل کے لیے تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا، جس میں تمام فریقوں کے جائز سکیورٹی خدشات کو اقوام متحدہ کے منشور، بین الاقوامی قانون اور متعلقہ کثیرالجہتی معاہدوں کے مطابق مدنظر رکھا جائے۔











