قلعہ عبداللہ میں حکومتی وفد اور دھرنا کمیٹی کے درمیان مذاکرات کامیاب، مغوی بازیاب، دھرنا ختم

1

کوئٹہ،06 نومبر (اے پی پی): صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو کی سربراہی میں حکومتی وفد اور قلعہ عبداللہ کے مقام تنگ مسے زئی پر احتجاج کرنے والی دھرنا کمیٹی کے درمیان طویل مذاکرات کامیاب ہوگئے، جس کے بعد دھرنا کمیٹی نے حکومتی یقین دہانی پر احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا جبکہ شاہراہ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔مذاکرات میں صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، رکن صوبائی اسمبلی زمرک خان اچکزئی اور معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی بھی شامل تھے۔ حکومتی وفد نے دھرنا کمیٹی کے مطالبات پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی، جبکہ مغوی کی بازیابی کے بعد دھرنا منتظمین نے احتجاج ختم کرنے کا باضابطہ اعلان کیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ احتجاج جمہوری معاشرے میں ہر شہری کا حق ہے۔ دھرنا کمیٹی کے مطالبات پر عملدرآمد کے لیے متعلقہ انتظامیہ کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام طبقات کو متحد ہوکر سیکیورٹی فورسز کا ساتھ دینا ہوگا۔ عوام کی جان و مال کا تحفظ اور صوبے میں امن و امان کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔