نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ترکمانستان کے وزیر خارجہ کی ملاقات، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور علاقائی روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال

4

اسلام آباد،17نومبر  (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور ترکمانستان کے ڈپٹی چیئرمین کابینہ و وزیر خارجہ رشید مریدوف کے درمیان وزارت خارجہ میں دوطرفہ ملاقات ہوئی جس میں پاکستان اور ترکمانستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کا جائزہ لینے کے علاوہ مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ ملاقات پاک۔ترکمانستان مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کے چھٹے اجلاس سے قبل ہوئی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، علاقائی روابط اور عوامی سطح پر تبادلوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر بھی غور کیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

 نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ زیر التوا مسائل کے حل اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد قابل عمل ذرائع ہیں۔ترکمانستان کے وزیر خارجہ رشید اویزگلدیویچ مریدوف نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار اور اس کی مسلسل سفارتی کوششوں کو سراہا۔