مظفر آباد، 18 نومبر ( اے پی پی):مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وفاقی وزراء کے ہمراہ مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ بابر علی ذولقرنین سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں صدر مسلم لیگ ن محمد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور پورے وفد نے راجہ بابر علی ذوالقرنین سے ان کے والد سابق صدر آزاد جموں و کشمیر راجہ ذوالقرنین خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار کیا۔
ملاقات میں مرحوم راجہ ذوالقرنین خان کی آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی، جمہوری اور عوامی ترقی کے لیے کی جانے والی گراں قدر خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا گیا کہ راجہ ذوالقرنین خان کی سیاسی بصیرت، اصول پسندی اور کشمیری عوام کے لیے جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
صدر مسلم لیگ ن محمد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور پورے وفد نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور غمزدہ خاندان کو یہ صدمہ حوصلے اور صبر کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
ملاقات میں صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان،وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سید افتخار علی گیلانی،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز،وفاقی وزراء احسن اقبال، انجینئر امیر مقام، طارق فضل چوہدری، عطاء اللہ تارڑ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء، سینیٹر پرویز رشید، سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب، رکن آزاد جموں و کشمیر اسمبلی شاہ غلام قادر، مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر اور دیگر افسران شریک تھے۔











