ویمن یونیورسٹی ملتان میں خواتین پر  تشدد کے خلاف قومی سطح پر آگاہی سیمینار، خاموشی توڑنے اور حقوق کے تحفظ کے لیے آواز بلند کرنے پر زور

0

 ملتان،18نومبر(اے پی پی) : ویمن یونیورسٹی ملتان کے ڈائریکٹوریٹ آف الومنائی افیئرز کے زیر اہتمام اور آل پاکستان ویمنز ایسوسی ایشن (اپوا) کے اشتراک سے خواتین پر تشدد کے خلاف آگاہی مہم کے سلسلے میں جناح ہال میں سیمینار اور خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کا مرکزی موضوع ’’خاموشی توڑیں، تشدد کے خلاف آواز اٹھائیں اور خواتین کو بااختیار بنائیں‘‘ تھا۔

تقریب کا مقصد خواتین کو درپیش گھریلو و معاشرتی تشدد، ہراسانی، ذہنی و نفسیاتی استحصال اور امتیازی رویوں کے خلاف شعور اجاگر کرنے کے ساتھ ان کے بنیادی حقوق، عزت و وقار اور قانونی تحفظ کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔ تقریب کی مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر سیدہ عذرا بتول تھیں۔

وائس چانسلر دی ویمن یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین پر تشدد کا خاتمہ صرف قانون سازی سے ممکن نہیں بلکہ اس کے لیے معاشرتی رویوں میں تبدیلی، تعلیم، شعور اور اجتماعی ذمہ داری کا احساس پیدا کرنا ضروری ہے۔ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے انہیں معیاری تعلیم، یکساں مواقع، محفوظ ماحول اور اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر معاونت فراہم کرنا ہوگی۔

 انہوں نے کہا کہ جامعات محض تعلیم دینے کے ادارے نہیں بلکہ ایک باشعور، منصفانہ اور ذمہ دار معاشرے کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔ ویمن یونیورسٹی ملتان طالبات میں خود اعتمادی، خودمختاری اور اپنے حقوق کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ کسی بھی قسم کی ہراسانی یا تشدد کی صورت میں خاموش رہنے کے بجائے متعلقہ فورمز سے رجوع کریں اور اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے آواز بلند کریں۔وائس چانسلر نے مزید کہا کہ خواتین پر تشدد صرف جسمانی اذیت تک محدود نہیں بلکہ ذہنی دباؤ، نفسیاتی استحصال اور جذباتی بدسلوکی بھی اس کی سنگین صورتیں ہیں، جن کے اثرات آنے والی نسلوں تک منتقل ہوتے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ صنفی امتیاز کی بنیاد اکثر گھروں میں بیٹوں اور بیٹیوں کے ساتھ غیر مساوی رویوں سے پڑتی ہے، اس لیے معاشرتی اصلاح کا آغاز خاندان سے ہونا چاہیے۔ انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ ظلم، تشدد اور ناانصافی کے خلاف خاموشی توڑیں اور تعلیم، خود اعتمادی اور قانونی شعور کو اپنی طاقت بنائیں۔

 انہوں نے واضح کیا کہ خواتین پر تشدد کے خلاف جدوجہد مردوں کے خلاف نہیں بلکہ ظلم، استحصال اور امتیازی رویوں کے خاتمے کے لیے ہے۔ وائس چانسلر نے اپوا کے تعاون کو سراہتے ہوئے ڈاکٹر ثمینہ اختر اور ان کی ٹیم کی کاوشوں اور تقریب کے کامیاب انعقاد کو قابل تحسین قرار دیا۔

انہوں نے اپنے خطاب کا اختتام خواتین کی ہمت، وقار اور استقامت سے منسوب شاعری پر کیا۔تقریب کی مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر سیدہ عذرا بتول نے اپنے خطاب میں خواتین کے باہمی اتحاد، عزت و وقار، خود اعتمادی اور بااختیار ہونے کو تشدد کے خاتمے کے لیے بنیادی اہمیت کا حامل قرار دیا۔

انہوں نے اسلامی روایات کی روشنی میں حضرت آدم علیہ السلام سے حضرت حوا علیہا السلام کی تخلیق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عورت اللہ تعالیٰ کی ایک خوبصورت اور باوقار تخلیق ہے، جو عزت، احترام اور محبت کی مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماں کی گود بچے کی پہلی درسگاہ ہے، جہاں کردار سازی، ہمدردی اور خواتین کے احترام کی بنیاد رکھی جاتی ہے۔

 خاندان اور تعلیمی اداروں کو چاہیے کہ وہ بچیوں کو تعلیم، اعتماد اور اپنے حقوق کا شعور دیں جبکہ بچوں کی تربیت میں خواتین کے احترام کو بنیادی اہمیت دی جائے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ خواتین کو مسلسل برداشت اور سمجھوتے کی تلقین کرنے کے بجائے تشدد کرنے والوں کی سوچ اور رویوں میں تبدیلی لانا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین اپنی صلاحیتوں کو پہچانیں، ایک دوسرے کا سہارا بنیں اور ذہنی و جسمانی تشدد کے خلاف متحد ہو کر آواز بلند کریں۔ انہوں نے اپنے خطاب کا اختتام ’’میں عورت ہوں، کمزور نہیں ہوں‘‘ کے عنوان سے حوصلہ افزا شاعری پر کیا۔معظمہ حسنین ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں خواتین کو کام کی جگہ پر ہراسانی، سائبر کرائم، سوشل میڈیا کے ذریعے استحصال اور دیگر معاشرتی مسائل کے قانونی پہلوؤں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو اپنے قانونی حقوق، متعلقہ قوانین، شکایات کے اندراج کے طریقہ کار اور شواہد محفوظ رکھنے کی اہمیت سے واقف ہونا چاہیے تاکہ کسی بھی ناانصافی کی صورت میں مؤثر قانونی چارہ جوئی کی جا سکے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ متاثرہ خواتین کو موردِ الزام ٹھہرانے کے بجائے ان کی حوصلہ افزائی اور قانونی معاونت کی جائے جبکہ معاشرے میں خواتین کے احترام اور ذمہ دارانہ رویوں کو فروغ دینے کے لیے بچوں کی تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے۔

اقرا ایڈووکیٹ نے خواتین پر تشدد کے ذہنی و نفسیاتی اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہراسانی، تضحیک، خوف اور ذہنی دباؤ بھی تشدد کی سنگین صورتیں ہیں۔ انہوں نے خصوصی طور پر ثانیہ زہرا قتل کیس کا حوالہ دیتے ہوئے خواتین کے خلاف تشدد کے سنگین نتائج، بروقت قانونی مداخلت اور مؤثر حفاظتی اقدامات کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خواتین کو خوف اور معاشرتی دباؤ کے باعث خاموش رہنے کے بجائے اپنے حقوق کے تحفظ اور انصاف کے حصول کے لیے متعلقہ قانونی اداروں سے رجوع کرنا چاہیے۔

سیمینار کے دوران مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خواتین کی آواز کو دبانے کے بجائے اسے تقویت دینا ہوگی اور انہیں ایسا ماحول فراہم کرنا ہوگا جہاں وہ خوف، دباؤ اور امتیازی سلوک کے بغیر اپنی زندگی کے فیصلے کر سکیں۔ مقررین نے کہا کہ خواتین کی آواز ان کی طاقت اور بنیادی حق ہے، جبکہ تشدد کے خلاف جدوجہد میں خاموشی کے بجائے شعور، مزاحمت اور انصاف کو فروغ دینا ناگزیر ہےسیمینار کا ایک اہم اور متاثرکن حصہ ویمن یونیورسٹی ملتان کی ڈرامیٹک سوسائٹی کی جانب سے پیش کیا گیا فکرانگیز ڈرامائی پرفارمنس کے ذریعے خواتین پر تشدد کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا.اس موقع پر مختلف شعبہ جات کی طالبات نے خواتین پر تشدد کی مختلف صورتوں پر مبنی دستاویزی فلمیں بھی پیش کیں، جن میں گھریلو تشدد، ذہنی و نفسیاتی استحصال اور معاشرتی امتیاز کے اثرات کو نمایاں کیا گیا۔

 طالبات نے مختلف کیٹیگریز کے تحت اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا، جن میں پوسٹر پریزنٹیشنز، حقیقی واقعات کی کردار نگاری کے ذریعے عکاسی اور شاعری کے مقابلے شامل تھے۔ ان سرگرمیوں کا مقصد خواتین کی جدوجہد، حقوق، عزت و وقار اور معاشرتی تحفظ کو اجاگر کرنے کے ساتھ طالبات میں سماجی شعور اور مثبت تبدیلی کے جذبے کو فروغ دینا تھا۔تقریب میں آل پاکستان ویمنز ایسوسی ایشن کی نمائندگان مس نازیہ، مس عابدہ اور دیگر معزز اراکین کے علاوہ اساتذہ اور طالبات نے شرکت کی۔

شرکا نے خواتین کے حقوق کے تحفظ اور تشدد کے خاتمے کے لیے تعلیمی اداروں اور سماجی تنظیموں کے باہمی تعاون کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول نے مہمان مقررین کو یادگاری سووینئرز پیش کیے اور خواتین کے حقوق کے تحفظ اور قانونی آگاہی کے فروغ کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔