وزیر مملکت بلال اظہر کیانی سے آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران کی ملاقات، ٹیکسٹائل برآمدات کے فروغ اور صنعتی شعبے کی بہتری پر تبادلہ خیال

3

اسلام آباد، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی سے آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران نے ملاقات کی، جس میں ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی صنعت کے فروغ، کاروباری ماحول میں بہتری، سرمایہ کاری اور برآمدات بڑھانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وفد نے کاروبار میں آسانی کے لیے حکومتی اقدامات اور برآمدی شعبے کی معاونت کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔ وفد نے ٹیکسٹائل صنعت کی ترقی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مالیاتی سہولتوں تک رسائی بہتر بنانے سے متعلق تجاویز بھی پیش کیں۔

ملاقات میں ٹیکسٹائل برآمدکنندگان کے لیے مالیاتی سہولتوں، ایکسپورٹ فنانس اسکیم اور طویل مدتی سرمایہ کاری کے لیے دستیاب مواقع پر بھی گفتگو ہوئی۔وزیر مملکت نے ملکی برآمدات اور معاشی سرگرمیوں میں ٹیکسٹائل شعبے کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے ویلیو ایڈیشن کے فروغ، سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور عالمی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی مسابقت بہتر بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی صنعت میں ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں اور اس شعبے کی استعداد سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے عالمی منڈیوں میں پاکستان کی پوزیشن مزید مستحکم بنائی جا سکتی ہے۔

ملاقات میں حکومت اور نجی شعبے کے درمیان مسلسل رابطے اور باہمی تعاون کے ذریعے ٹیکسٹائل صنعت کی ترقی اور برآمدات کے فروغ کے لیے قریبی روابط برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔