اسلام آباد، 18 نومبر)اے پی پی): گندھارا اسٹریٹجک ڈائیلاگ 2026 کے سلسلے میں ایشیائی ممالک سے آئے ہوئے بین الاقوامی بدھ مذہبی رہنماؤں، دانشوروں اور مندوبین نے آج اسلام آباد میں مختلف اہم موضوعات پر گول میز مباحثے میں شرکت کی۔
پہلے سیشن میں مذہبی زائرین کو سہولیات کی فراہمی اور عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کے امور زیر بحث آئے۔ شرکاء نے مذہبی سیاحت کے فروغ اور بین الاقوامی بدھ برادری کے لیے پاکستان میں سفر کو مزید آسان اور سہل بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
ڈائیلاگ کے دوسرے سیشن میں تاریخی ورثے کے تحفظ اور مقامات کی بہتر دیکھ بھال پر گفتگو کی گئی۔ اس نشست میں صوبائی سطح پر ثقافتی و تاریخی ورثے کے تحفظ کے منصوبوں اور بدھ مذہبی رہنماؤں کے ساتھ مشاورت کو خصوصی اہمیت دی گئی۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے محکمہ آثارِ قدیمہ و عجائب گھر کے نمائندوں نے بھی اس حوالے سے اپنا مؤقف پیش کیا۔
تھائی لینڈ، لاؤس، ویتنام، جاپان، کمبوڈیا، سری لنکا، جمہوریہ کوریا اور بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے وفود کی شرکت سے منعقدہ ان مباحثوں کا مقصد گندھارا کے مشترکہ تہذیبی ورثے کے تحفظ، مذہبی زائرین کی سہولت، ثقافتی سفارت کاری اور عالمی سطح پر پاکستان کی شناخت کو فروغ دینے کے لیے باہمی تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔
گندھارا اسٹریٹجک ڈائیلاگ 2026 کے تحت یہ نشستیں پاکستان اور بین الاقوامی بدھ برادری کے درمیان روابط کے فروغ اور مشترکہ تاریخی و ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے اہم پیش رفت ہیں۔











