اسلام آباد،04نومبر (اے پی پی): وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کیس میں شفافیت اور قانون کی یکساں بالادستی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، نیب نے تمام خریداروں کو اپنی سرمایہ کاری اور فلیٹس کی خریداری سے متعلق قانونی و مالی ریکارڈ پیش کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔
بدھ کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اس معاملے کو میرٹ اور قانون کے مطابق آگے بڑھایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کے حقوق اور مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ون کانسٹیٹیوشن ایونیو منصوبے کے حوالے سے مختلف ادوار میں ہونے والی کارروائیوں اور اقدامات کا جائزہ لیا گیا ہے، جبکہ نیب نے خریداروں کو اپنے قانونی کلیمز اور مالی ریکارڈ کی وضاحت کا مناسب موقع فراہم کیا ہے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت کی پالیسی قانون کی یکساں عملداری اور شفافیت پر مبنی ہے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کسی سیاسی وابستگی یا اثر و رسوخ سے بالاتر ہو کر اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔











