ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کے حقیقی سرمایہ کاروں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا، قانون سب کے لیے برابر ہے، عطاء اللہ تارڑ

6

اسلام آباد، 04 نومبر (اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت ون کانسٹیٹیوشن ایونیو منصوبے میں حقیقی سرمایہ کاروں کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے، اس ضمن میں شفافیت، میرٹ اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے گا۔

بدھ کو پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کا عزم ہے کہ اسلام آباد میں تمام شہریوں کے ساتھ یکساں سلوک کیا جائے ، قانون کی نظر میں سب برابر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ون کانسٹیٹیوشن ایونیو منصوبے کے حوالے سے تشکیل دی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے اپنی رپورٹ میں حقیقی سرمایہ کاروں کے مفادات کے تحفظ کی سفارش کی ہے، جن افراد نے اپنی حلال کمائی سے فلیٹس خریدے اور منصوبے کی صورتحال سے لاعلم تھے، ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ منصوبے کی ری ٹینڈرنگ اور ری ڈیزائننگ کے ذریعے اس کے ماڈل کو بہتر بنایا جائے گا تاکہ معاملے کو شفاف انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔ نیب کی جانب سے تحقیقات میرٹ پر مکمل کی جائیں گی اور اس کے بعد قانونی کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے اپنی ذمہ داریاں منصفانہ انداز میں انجام دیتے ہوئے معاملے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا ہے، جسے کابینہ میں بھی سراہا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کیس میں شفافیت، میرٹ اور قانون کی بالادستی کو مقدم رکھا جائے گا اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ حقیقی سرمایہ کاروں کے مفادات متاثر نہ ہوں۔