اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):پاکستان اور ترکمانستان نے دوطرفہ ادارہ جاتی تعاون کو مزید مستحکم بنانے، باقاعدہ سفارتی روابط برقرار رکھنے اور سیاحت سمیت عوامی سطح پر تعلقات کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کے چھٹے اجلاس کے پروٹوکول اور دونوں ممالک کی وزارت خارجہ کے درمیان 2026ء سے 2030ء تک تعاون کے پروگرام پر دستخط کر دیئے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور ترکمانستان کے ڈپٹی چیئرمین کابینہ وزرا و وزیر خارجہ رشید مریدوف نے پاکستان ترکمانستان مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کے چھٹے اجلاس کے اختتام پر ان دستاویزات پر دستخط کئے۔
اس موقع پر دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان کی وزارت بین الصوبائی رابطہ اور ترکمانستان کی وزارت ثقافت کے درمیان سیاحت کے شعبے میں تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کے تبادلے کا بھی مشاہدہ کیا۔ طے پانے والی دستاویزات پاکستان اور ترکمانستان کے اس مشترکہ عزم کی عکاس ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کو مضبوط بنایا جائے، باقاعدہ سفارتی روابط کا تسلسل برقرار رکھا جائے اور سیاحت کے فروغ کے ساتھ عوامی سطح پر روابط کو مزید وسعت دی جائے۔











