پنجاب دھی رانی پروگرام، لودھراں میں 150 مستحق جوڑوں کی شادیوں کے انتظامات کا جائزہ

7

لودھراں ،10 نومبر(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی زیر صدارت پنجاب دھی رانی پروگرام کے چوتھے فیز کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں لودھراں میں اجتماعی شادیوں کی تقریب کے انعقاد اور انتظامی امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔

 لودھراں میں اجتماعی شادیوں کا میگا ایونٹ 8 دسمبر کو سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوگا۔

اجلاس کو ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر نند لال نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تقریب میں 150 مستحق جوڑے اپنے 3300 مہمانوں کے ہمراہ شرکت کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے ہر جوڑے کو دو لاکھ روپے بطور سلامی دی جائے گی، جبکہ حکومت پنجاب نے رواں سال صوبے بھر میں پانچ ہزار مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کا ہدف مقرر کیا ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ پنجاب دھی رانی پروگرام وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ایک انقلابی فلاحی منصوبہ ہے، جس کا بنیادی مقصد مستحق اور کم آمدنی والے خاندانوں کو ریلیف فراہم کرنا اور ان کی خوشیوں میں شریک ہونا ہے، اس پروگرام کے ذریعے اب تک ہزاروں مستحق افراد مستفید ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فلاحی اور کارِ خیر کے کاموں میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی خدمات قابلِ تحسین ہیں، تمام متعلقہ محکمے اجتماعی شادیوں کی تقریب کو کامیاب اور یادگار بنانے کے لیے باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز لیاقت علی گیلانی، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رمضان سمیت متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔