اسلام آباد، 4 فروری (اے پی پی): وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت اکنامک ایڈوائزی کونسل کا اجلاس پیر کو منعقد ہوا جس میں ملکی معیشت کی مجموعی صورتحال، معیشت کے استحکام و بحالی کے لئے حکومت کی جانب سے اب تک اٹھائے جانے والے اقدامات اور مستقبل کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں وزیرِ خزانہ اسد عمر، وزیرِ منصوبہ بندی خسرو بختیار، مشیر تجارت عبدالرزاق داود، صوبائی وزرا خزانہ ہاشم جوان بخت اور تیمور سلیم خان، مشیر وزیرِ اعظم ڈاکٹر عشرت حسین، گورنر سٹیٹ بنک طارق باجوہ، ڈاکٹر اشفاق حسن، ڈاکٹر اعجاز نبی (ٹیلیفون)، ڈاکٹر عابد سلہری، ڈاکٹر نوید حامد، سید سلیم رضا و دیگر شریک ہوئے۔
وزیرِ خزانہ کی جانب سے جنوری کے مہینے میں معاشی اشاریوں میں آنے والی بہتری کے ساتھ ساتھ معیشت کی ڈیجٹلائزیشن، ڈیٹ مینیجمنٹ آفس کو مستحکم کرنے جیسے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن فنانشل انکلوژن، ای کامرس مارکیٹ کے فروغ اور خصوصاً سمال اینڈ میڈیم انڈسٹری کی ترقی میں معاون ثابت ہوگی۔ ممتاز ماہرین کی جانب سے ملکی معیشت کے استحکام کے سلسلے میں مختلف تجاویز پیش کی گئی۔
اے پی پی / عمار برلاس/حامد
وی این ایس اسلام آباد