اسلام آباد، 07 فروری(اے پی پی):وفاقی وزیر اطلا عات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت آزادی اظہار رائے کے بنیادی حق پر کامل یقین رکھتی ہے ۔ آزادی صحافت اور جمہوریت ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں ۔
پاکستان جرنلسٹ فاؤنڈیشن کے وفد نے وفاقی وزیر اطلاعات سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے چوہدری فواد حسین نے کہا کہ جمہوریت میں ہی آزادی صحافت پنپتی اور فروغ پاتی ہے ۔فلاحی ریاست کے قیام اور ترویج کے لیے آزادی اظہار رائے ناگزیر ہے۔ صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اور بہبود کیلئے تمام ممکن اقدامات کریں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کا قیام عمل میں لا رہے ہیں۔ اتھارٹی کے قیام سے ون ونڈو آپریشن کےذریعے صحافیوں کو سہولت میسر ہو گی۔ میڈیا ورکرز کی دادرسی کے لیے بھی یہ فورم انتہائی سود مند ثابت ہو گا۔ خیبر پختونخوا کی طرز پر جرنلسٹ پروٹیکشن بل لانا چاہتے ہیں۔ صحت انصاف کارڈ کی سہولت بھی صحافیوں کو دی جائے گی۔ چوہدری فواد حسین کا مزید کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال نے میڈیا کی ہئیت تبدیل کر دی ہے ۔ میڈیا انڈسٹری کے موجودہ بحران کا تعلق معیشت سے نہیں ٹیکنالوجی سے ہے ۔ میڈیا کو از سر نو اپنے بزنس ماڈل کا جائزہ لینا ہو گا۔
وفد میں چیئرمین پاکستان جرنلسٹ فاؤنڈیشن راحت ذوالفقار،وائس چیئرمین سینئر ٹی وی اینکر انیق ناجی، چیف آرگنائزر محسن گورایہ اور دیگر شامل تھے ۔
اے پی پی/ ناہید/ شاہ زیب
وی این ایس اسلام آباد