وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین سے سعودی میڈیا وفد کی ملاقات

231
 

 

اسلام آباد ،  13  فروری  (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی خواہش پر سعودی حکومت نے پاکستانیوں کے لیے ویزہ فیس 2000 ریال سے 300 کی  ہے جس کے لئے سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں۔ ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ   پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات تاریخی اور  سفارتی سطح پر بہت مضبوط  ہیں ۔

چوہدری فواد حسین نے بتایا کہ  وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد کے درمیان مضبوط رابطہ ہے۔ دونوں ممالک ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔ انہوں نے  مزید کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا قریب ترین اتحادی ہے  اور اس سے پہلے بھی سعودی عرب نے مشکل حالات میں پاکستان کی مدد کی ہے۔

وزیر اطلاعات نے گوادر میں سعودی حکومت کی طرف سے آئل ریفائنری لگانے کےپروگرام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ  یہ آئل ریفائنری ایشیا کی بڑی آئل ریفائنری میں سے ایک ہو گی  جس سے  نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔

 انہوں نے کہا کہ  پاکستان میں سیاحت میں فروغ کے اقدامات  کے  علاوہ سعودی عرب کے ساتھ میڈیا اور فلم کے تبادلے کے پروگرام کے خواہاں ہیں اور سعودی عرب کے لئے ویزا پالیسی کا پروگرام بھی  زیر غور ہے۔

سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کی اہمیت  کو اجاگر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ اس دورہ سے پاک سعودی تعلقات کے ایک نئےدور کا آ غاز ہو گا۔ یہ دورہ پاکستان اور  سعودی عرب کے مابین   تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جائے گا۔ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی معیشت کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔

وفاقی وزیر براے اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین  نے  سعودی ولی عہد کے دورے کے دوران سرمایہ کاری کی مزید یادداشتوں پر بھی دستخط   ہونے کی  امید بھی ظاہر کی ۔

وفاقی وزیر اطلاعات  نے سعودی عرب کی طرف سے پاکستان میں سرمایہ کاری پر سعودی حکومت کا شکریہ بھی  ادا کیا۔

اے پی پی/ ناہید/قراۃالعین

وی  این ایس اسلام آباد