اسلام آباد، 26 فروری (اے پی پی): صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہیں۔ مسلح افواج نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے بے پناہ قربانیاں دیں ہیں ، دہشتگردی پر قابو پانے کے شعبے میں پاکستانی افواج دنیا میں سب آگے ہیں اور اپنے ملک کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔ دنیا میں کسی کو یہ سوچنا بھی نہیں چاہیے کہ کوئی ہمیں نقصان پہنچا سکتا ہے۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے میڈیا سے متعلق انٹرنیشنل کانفرنس سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ میڈیا کو چاہیے کہ وہ عوام کے سامنے اپنی ساکھ قائم کرے، کسی بھی تنازعے کو ابھارنے یا حل کرنے میں میڈیا کا اہم کردار ہے۔ پیغام رساں پر اعتماد نہ ہو تو پیغام کی کوئی اہمیت نہیں رہتی۔ سوشل میڈیا نے جدید دور میں اطلاعات تک رسائی آسان بنائی۔
صدر مملکت نے کہا کہ سوشل میڈیا نے جدید دور میں اطلاعات تک رسائی آسان بنائی ہے اورمیڈیا مبصر کا کردار بھی ادا کرتا ہے، معاشروں میں مختلف تنازعات جنم لیتے رہتے ہیں لیکن میڈیا کی اشتعال انگیزی خطرے کا باعث ہو سکتی ہے ، بھارتی میڈیا اشتعال انگیزی پھیلا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر انسان مختلف سوچ اور نظریات رکھتا ہے، بچوں کی بہتر تعلیم و تربیت سے انہیں مشکلات سے بچایا جا سکتا ہے۔
عارف علوی نے کہا کہ ہماری افواج نے ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج نے جانیں قربان کیں ہیں اور پاک افواج دہشت گردی سے نمٹنے میں وسیع تجربہ رکھتی ہے ۔ہم کسی بھی ملک کے بارے منفی عزائم نہیں رکھتے ، لیکن ہم اپنا دفاع کرنا جانتے ہیں۔
اے پی پی/حمزہ رحمن 13:50/رضوان/14:01
سورس: وی این ایس، اسلام آباد