ہدف کی تلاش میں تھا کہ پاک فضائیہ نے میر ا طیارہ گرا دیا ، بھارتی پائلٹ کا واپسی سے قبل ویڈیو پیغام

219

اسلام آباد،01 مارچ (اے پی پی): بھارتی فضائیہ کے گرفتار  ونگ کمانڈر ابھے نندن نے کہا ہے کہ پاک فوج ایک پروفیشنل آرمی ہے جس کے سلوک سے بہت متاثر ہوا ہوں۔میں ٹارگٹ تلاش کررہا تھا کہ اس دوران پاک فضائیہ نے میرے طیارے کو ہٹ کیا، میں نے خودکوایجکٹ کیا جس کے بعد میرا طیارہ تباہ ہوگیا۔ بھارتی پائلٹ کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا ہر چھوٹی سے چھوٹی چیز کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتا ہے، پروپیگنڈے کرنے کا مقصدہ عوام کو ورغلانا ہے تاکہ اُن کی نفرت میں اضافہ ہو۔

بھارت حوالگی سے قبل دئیے گئے دیڈیو بیان میں  ابھی نندن نے پاک فوج کے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا اعتراف کیا۔ ان  کا کہنا تھا کہ  میں بھارتی فضائیہ کے لڑاکا طیارے کا پائلٹ ہوں ، پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہونے کے بعد ہدف تلاش کررہا تھا کہ اسی دوران پاک فضائیہ نے میرے طیارے کو نشانہ بنایا جس کے بعد مجھے ایجکٹ کرنا پڑا۔

بھارتی پائلٹ کا کہنا تھا کہ جب میرا پیرا شوٹ کھلا اور نیچے گرا تو میرے پاس پستول تھی، میرے ارد گرد بہت سارے لوگ جمع تھے، جنہوں نے مارنے کی کوشش کی مگر پاک فوج کے جوانوں نے انہیں کنٹرول کیا۔

ابھی نندن نے کہا کہ میرے پاس پستول پھینک کر بھاگنے کا واحد راستہ تھا،  اس لیے پستول پھینک کر وہاں سے فرار ہونے کی بھی کوشش کی،  لوگ میرے پیچھے آگئے جو بہت زیادہ جوش میں تھے البتہ اُن سے مجھے پاک فوج کے جوانوں نے بچایا۔ نندن نے کہا پاک فوج کا ایک کپتان مُجھے یونٹ لے گیااور فرسٹ ایڈ دی بعد ازاں مجھے اسپتال میں بھی طبی امداد دی گئی، پاکستان فوج بہت پیشہ وارانہ ہے اور میں ان کے رویے سے بہت متاثر ہوا ہوں۔

سورس:وی این ایس اسلام آباد