اسلام آباد،07مارچ(اے پی پی ):پاکستان کے دورے پر موجود سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر کی وزارتِ خارجہ آمد،وزارت خارجہ پہنچنے پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے سعودی ہم منصب کا خیر مقدم کیا۔
دوران ملاقات خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت دو طرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے پاک سعودی سپریم رابطہ کونسل کے تحت دو طرفہ اقتصادی، سیاسی اور سیکورٹی سے متعلقہ تعاون کو فروغ دینے سے متعلق طے کردہ امور کو معینہ مدت کے اندر پایہ تکمیل تک پہنچانے پر اتفاق کیا۔
سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو دونوں ممالک کے درمیان تصفیہ طلب امور کو پر امن طریقے سے حل کروانے کے سلسلے میں سعودی حکومت کی طرف سے مکمل اور بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر، اپنے اس ایک روزہ دورہ ء پاکستان کے دوران پاکستان کی اعلیٰ سیاسی قیادت سے اہم ملاقاتیں بھی کریں گے
یاد رہے کہ سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور کا یہ دورہ پاکستان سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے حالیہ دورہ پاکستان کا فالو آپ وزٹ ہے۔
سورس:وی این ایس، اسلام آباد