نئے تعلیمی سال کے آغاز میں اسلام آباد کے گیارہ ہزار بچوں کو سکولوں میں داخل کیا جائیگا: شفقت محمود

223

 

اسلام آباد، مارچ20 (اے پی پی): وفاقی وزیر تعلیم شفقت نے کہا ہے کہ تعلیم کے میدان میں کئی چیلنجز کا سامنا ہے، شرح خواندگی کو بڑھانا اور سکول سے باہر بچوں کو سکولوں میں لانا اہم چیلنجز ہیں،وزیر اعظم عمران خان کے ویثزن کے مطابق تعلیم پر بھرپور کام کر رہے ہیں، پائلٹ مرحلے میں اسلام آباد کے تقریبا گیارہ ہزار بچوں کو نئے تعلیمی سال کے آغاز میں اسکولوں میں داخل کیا جایئگا اور اساتذہ کی کمی اور سکولوں تک رسائی کے مسلے کو حل کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال کریں گے۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نےجاپان کے بین الاقوامی تعاون کے ادارےجائیکا  کے وفد سےملاقات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے مابین دیرینہ اور پائیدار تعلقات ہیں،جائیکا پاکستان میں مختلف شعبوں میں بہترین کام کر رہا ہے، پاکستان میں تعلیم کے میدان میں جائیکا کا  کام قابل تعریف ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم سیاست سے بالاتر ہے اور ہم چاروں صوبوں کے تعاون سے یکساں نظام اور نصاب تعلیم لائیں گے، تعلیم کے معیار کو بڑھانے اور سکول سے ہی پیشہ ورانہ تربیت کی تعلیم کا آغاز کر رہے ہیں ۔غربت سے باہر نکلنے کا سب سے آسان اور واحد راستہ تعلیم اور ہنر کا حصول ہے، شرح خواندگی کو بڑھانے کے لیے ایک جامع اور ملک گیر پروگرام لا رہے ہیں۔ شرح خواندگی کو بڑھانے کے لیے جایئکا  کے بین الاقوامی کامیاب تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے اور  اسکول سے باہر بچوں کو اسکولوں میں لانے کا پروگرام بھی  شروع کیا ہے۔

اس موقع پر جائیکا کے نائب صدر ڈاکٹر ٹوڈا ٹاکاوء نے وفد کی قیادت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جاری جائیکا کے تمام تعلیمی پروگرامز کا مجموعی طور پر جائزہ لے رہے ہیں، شرح خواندگی کے فروغ اور سکولوں میں ٹیکنالوجی کے استعمال کے معاملے میں جائیکا کے ماہرین مدد فراہم کر سکتے ہیں اورجائیکا پاکستان کو تعلیم کے شعبے میں ہر ممکن معاونت فراہم کریگا۔

سورس، وی این ایس اسلام آباد