ملک کو سیکیورٹی سمیت کئی چیلنج درپیش ہیں، ہم درست سمت آگے بڑھ رہے ہیں، آنے والے دن ماضی کے مقابلہ میں بہتر ہو ں گے، وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز احمد شاہ

230

اسلام آباد، 29 اپریل (اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز احمد شاہ نے کہ ہے کہ ملک کو سیکیورٹی و دہشت گردی اور معیشت سمیت کئی چیلنج درپیش ہیں، ہم درست سمت آگے بڑھ رہے ہیں، آنے والے دن ماضی کے مقابلہ میں بہتر ہو ں گے۔

پیر کو سنٹرل پولیس آفس اور پولیس لائنز کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ وزارت کا منصب سنبھالنے کے بعد میں نے سارے ذیلی محکموں کا دورہ کرنا ہے۔ سب سے پہلے اسلام آباد پولیس کے معاملات دیکھنے کے لئے دورہ پر آیا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ پولیس کی خرابیوں اور خامیوں سے سب آگاہ ہیں لیکن ان کا اچھا کام پردے کے پیچھے رہتا ہے اور اس کا زیادہ ذکر نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ ہم درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں ۔ ملک کو اس وقت بہت سے چیلنجز درپیش ہیں۔ سیکیورٹی کا مسئلہ سب سے بڑا چیلنج ہے۔ دہشت گردی کئی شکلوں میں موجود ہے ۔ معیشت کے مسائل بھی ہمارے سامنے ہیں۔ ہمیں صورتحال کی بہتری کے لئے دعا بھی کرنی چاہیے ۔ حکمران جب نیک نیت ہوں اور نیک نیتی سے کام کریں تو اللہ تعالیٰ بھی برکت دیتا ہے۔ ہمیں اچھے کی امید رکھنی چاہیے۔ آنے والے دن ماضی کے مقابلہ میں بہتر ہوں گے۔ سابق صدر مشرف کی وطن واپسی کی اطلاعات سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں نے بھی میڈیا میں پڑھا ہے کہ وہ آرہے ہیں۔کچھ اخبارات میں لکھا ہے کہ آرہے ہیں اورکچھ نے لکھا کہ نہیں آ رہے۔ سندھ میں امن وامان سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد امن و امان صوبائی معاملہ ہے۔ اس بارے وزیر اعلیٰ سندھ سے سوال کریں۔

اسلام آباد پولیس کے لئے مراعات میں اضافہ سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہر چیز پیسے سے نہیں ہوتی، ماتحتوںکا خیال رکھنے کی بہت اہمیت ہے۔ آفیسر اگر جوانوں کو اپنی اولاد کی طرح سمجھیں تو نتائج بالکل مختلف ہوں گے۔

وی این ایس اسلام آباد