اسلام آباد،30اپریل (اے پی پی):پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا نائیجیریا پہنچنے پرتپاک استقبال کیا گیا اور نیول ہیڈکوارٹرز آمد پراعزازی گارڈ نے سلامی پیش کی۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق امیر البحر نے چیف آف ڈیفنس سٹاف اورنائیجیرین نیول چیف سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے اُمور اور بحری اشتراک پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سربراہ پاک بحریہ نے خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے ضمن میں پاک بحریہ کی کاوشوں خصوصاً ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول کے اقدام پر روشنی ڈالی۔ نیول چیف نے دونوں بحری افواج کے مابین بحری مشقوں کے انعقاداور تربیتی پروگرامز کے تبادلوں پر زور دیا۔
نائیجیرین نیول چیف نے مشترکہ میری ٹائم سیکیورٹی کی تشکیل کے سلسلے میں پاک بحریہ کی کاوشوں کی تعریف کی۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف کے دورے سے دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہو گا۔
وی این ایس،اسلام آباد











