وزیراعظم اداروں کو بہتر بنانےاور اصلاحات لانے کی جدوجہد کر رہے ہیں: معاون خصوصی  برائے اطلا عات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

213

اسلام آباد ، 23 مئی ( اے پی پی ): معاون خصوصی  برائے اطلا عات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے  کہ وزیراعظم عمران خان اداروں سے وابستہ افراد کی سوچ بدلنے کیلئے کوشاں ہیں، قانون پر عملداری یقینی بنانے کی ضرورت ہے، وزیراعظم نے نظام کو بہتر کرنے کیلئے جدوجہد شروع کر رکھی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نےیہاں  اغوا کے بعد قتل کی گئی ننھی فرشتہ کے گھر آمد کے موقع  پر کیا ، انہوں نے لواحقین کے ساتھ تعزیت اور فاتحہ خوانی  بھی کی۔انہوں نے کہا کہ ہماری بیٹیاں معاشرے کے رویوں کے استحصال کا شکار ہو رہی ہیں ۔انہوں  نے  واقعہ کا حوالے دیتے ہوئے کہا  کہ ہماری روایات گر چکی ہیں،ہمیں چیلنجز درپیش ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان غمزدہ خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قانون کے نفاذ میں کمزوریوں کی نشاندہی کیلئے وزیراعظم نے دلیرانہ فیصلے کیےہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کی آڑ میں اداروں پر حملے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ حکومت پولیس کے نظام میں اصلاحات کیلئے کام کرر ہی ہے۔ گناہ گار کو سزا دلوانے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کر رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ  یہ واقعہ ہمارے لیے ٹیسٹ کیس ہے۔ قانون کے نفاذ میں قانونی پیچیدگیوں کو ختم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ غمزہ خاندان کے زخموں پر مرہم رکھیں لیکن سیاست نہ کریں۔

وی این ایس ، اسلام آباد