آزاد جموں و کشمیر میں سیاحت کا بے انتہا پوٹینشل ہے جس کو برؤے کار لانے اور فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے: وزیراعظم عمران خان

340

اسلام آباد، 20 جون (اے پی پی): وزیرِ اعظم  عمران خان نے کہا ہے کہ  آزاد جموں و کشمیر میں سیاحت کا بے انتہا پوٹینشل ہے جس کو  برؤے کار لانے اور فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے  آزاد جموں کشمیر حکومت کو ہدایت  کی کہ نیشنل ٹورازم کوارڈینیشن بورڈ   کی مشاورت سے آزاد جموں و کشمیر میں سیاحت کے فروغ اور خصوصا سیاحت کے شعبے میں نجی شعبے کی حوصلہ افزائی و سرمایہ کاری کے لئے مفصل لائحہ عمل تشکیل دیا جائے۔

آزاد جموں و کشمیر کے مختلف ترقیاتی منصوبوں ، سیاحت کے فروغ  اور دیگر  اہم معاملات پر اعلیٰ سطحی اجلاس    کی صدارت  کرتے ہوئے  ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی  آزاد جموں و کشمیر کا سب سے بڑا اثاثہ   ہیں ان کے مسائل کے حل  پر خصوصی توجہ دی جائے۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم کو نیلم جہلم اور کوہالہ پراجیکٹ کے معاملات کا جائزہ لینے کے لئے قائم کردہ کمیٹی کی کاروائی  اوراب تک کی   پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں لائن آف کنٹرول کے متاثرین کی بحالی اور فلاح و بہبود کے حوالے سے وفاقی حکومت کے منصوبوں، ایل او سی متاثرین کو صحت انصاف کارڈ کی فراہمی،  مانسہرہ، مظفرآباد، منگلا میرپور  (فور ایم ) پراجیکٹ، نیلم جہلم اور کوہالہ پراجیکٹ، منگلا ڈیم توسیع منصوبے سے متعلقہ معاملات کے علاوہ آزاد جموں کشمیر میں سیاحت کے فروغ کے حوالے سمیت  آزاد جمو ں و کشمیر میں سیاحت کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں  منگلا ڈیم ریزنگ  (توسیع) پراجیکٹ سے متعلق معاملات کے حل کے لئے کمیٹی تشکیل دینے کی بھی  منظوری دی گئی۔

اجلاس کے دوران  بریفنگ دیتے  ہوئے  وزیرِ منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیارنے  کہا کہ  ایل او سی سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لئے تین ارب روپے کا پراجیکٹ بنایا گیا ہے۔

وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر راجا فاروق حیدر نے  بین الاقوامی سطح پر کشمیر کا مسئلہ اجاگر کرنے،  بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے ، آزاد کشمیر کو ترقیاتی کونسل سمیت مختلف فورمز میں شامل کرنے ، تعمیر و ترقی کے لئے مالی معاونت فراہم کرنے  اور مسائل کے حل کے سلسلے میں وفاقی حکومت کے تعاون  کو سہراتے  ہوئے کشمیر کا مسئلہ پرزور طریقے سے عالمی سطح پر  اٹھانے اور آزاد جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کو درپیش مسائل  کے حل میں وزیر اعظم عمران خان کی ذاتی دلچسپی  اور کاوشوں پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

اجلاس میں وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور، وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار،  وزیرِ آبی وسائل فیصل واؤڈا، مشیر برائے ماحولیاتی تبدیلی   ملک امین اسلم ، وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر راجا فاروق حیدر، معاون خصوصی  برائے سماجی تحفظ و تخفیفِ غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر، متعلقہ وفاقی سیکرٹریز ، چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔

وی این ایس، اسلام آباد