لاہور،6 جولائی(اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مریم نواز کی طرف سے جاری آڈیو ویڈیو ٹیپ قوم کو گمراہ کرنیکی کوشش ہے، یہ ویڈیو ہائیکورٹ سے رجوع کرتے وقت کیوں نہ پیش کی گئی، یہ ایک جج پر نہیں پوری عدلیہ پر حملہ کیا ہے،ویڈیو سے (ن) لیگ کی ڈوبتی کشتی کو سہارا دینے کی کوشش کی گئی لیکن اس بار بھی ناکا می ہو گی، مریم نواز کے ٹیپ کے دعوے کی حقیقت فرانزک آڈٹ کے بعد سامنے آئے گی۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے یہاں مقامی ہوٹل میں آل پاکستان انجمن تاجران کے عہدیداران سے ملاقات سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مریم نوازنے معزز جج کے حوالے سے ویڈیو جاری کرکے اداروں کو بدنام کرنے کی مذموم سازش کی، ایسے اقدامات پاکستان اور ملک سے عداوت کے مترادف ہے، مریم نواز نے جج پر الزام لگا کر باشعور عوام کی ہمدردیاں سمیٹنے کی بھونڈی کوشش ہے، میڈیا پر تماشا لگانے کے بجائے ٹیپ عدالت میں لے کر جائیں اور اگر دامن صاف ہے تو شریف خاندان کے تمام افراد کو پاکستان بلائیں اور عدالتوں میں پیش ہوں،بھتیجی نے اپنے چچا کو بلڈوز کرکے قوم کے اعصاب کے ساتھ کھیلا اور ملک کے باشعور لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی، نوازشریف جیل میں اور باقیات مریم صفدر کی شکل میں ایک ٹیپ لے کر آئیں لیکن ان کی ٹیپ کی ہانڈی بیچ چوراہے میں پھوٹ گئی۔
فردوس عاشق اعوان نے مبینہ ویڈیوآڈیو ٹیپ میں جج کے ساتھ نظر آنے والے ناصر بٹ کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ ناصر بٹ مشہور زمانہ قاتل، مفرور اور غنڈہ گینگ کا سرغنہ ہے، وہ 5 افراد کوقتل کرنے کے بعد 302 کے مقدمہ میں فرار ہوا تھا، مفرور قاتل، مافیا اور منشیات فروشوں کا نیٹ ورک تھا جس نے سیاست کو ڈھال بنایا۔ان کا کہنا تھا کہ 20 سال ناصر بٹ لندن میں مفرور رہا اور ظلِ سبحانی کے گارڈ کے فرائض انجام دیتا رہا، راج کماری نے ظلِ سبحانی کے باڈی گارڈ کے کردار کو بے نقاب کردیا۔
انہوں نے کہا کہ قیامت کی نشانی ہے کہ باپ کہتا ہے بچوں سے پوچھیں اور بچے کہتے ہیں باپ سے پوچھیں، سونے کا چمچہ لے کر آنکھ کھولنے والی والد اور منتخب وزیراعظم کو جیل میں ڈالنے کا شکوہ کرتی ہے۔وزیراعظم کی معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ سابق حکمرانوں کی عیاشیوں کی قیمت آج عام پاکستانی چکا رہا ہے، یہ معیشت کو زہر کے ٹیکے لگاتے رہے اور آج بوجھ غریب عوام کو اٹھانا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو راستے سے ہٹانے کے لیے 2 کیسز اور 32 ایف آئی آرز درج کی گئیں لیکن عمران خان نہ ملک چھوڑ کرگئے نہ ہی عدالتوں پر حملے کرائے، عمران خان نے باہر پیسا کمایا اور ملک میں لاکر عدالت میں تمام ثبوت دیے جس کے بعد انہیں عدالت سے صادق اور امین کا سرٹیفکیٹ ملا۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اجازت کے بغیر اس طرح کی ویڈیو یا آڈیو ریکارڈنگ غیر قانونی ہے، مریم نواز شریف نے قوم کو گمراہ کرنیکی کوشش کی، مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ مریم نواز کہتی پھرتی ہے کہ تاریخ میں پہلی بار اسے اور اسکے باپ کو جیل میں ڈالا گیا،وہ جھوٹ بولتی ہے کیونکہ بینظیر بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو پر آپ کے والد نے جو الزامات لگائے اور انکوجیل بھجوایاوہ بھی سب کے سامنے ہیں، یہ جو مقدمات آپ پر ہیں یہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے نہیں بنائے بلکہ جن کے ساتھ آپ نے میثاق جمہوریت کیا انہوں نے ہی یہ مقدمات بنائے جن کی سزا آپ بھگت رہے ہیں۔
تاجروں کے سوال پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ تاجروں کے تحفظات دور کریں گے، چیئر مین ایف بی آر شبر زیدی گورنر ہاؤس میں تاجروں سے ملیں گے، تمام مسائل حل کریں گے، تاجروں کی ایک ایک بات سنیں گے اور اس پر ورک آؤٹ کریں گے۔ مینو فیکچررز، ٹریڈرز پر جو بوجھ آیا اس کا حل کریں گے اور سب کو یقین دلاتے ہیں حکومت تاجروں کیساتھ لے کر چلے گی۔
سورس: وی این ایس، لاہور