اسپیکر قومی اسمبلی سے ڈپٹی اسپیکر کیمرون اور سی پی اے کی ایگزیٹو کمیٹی کی چیئر پرسن کی ملاقات

208

 

اسلام آباد،29 جولائی(اے پی پی ):اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سےڈپٹی اسپیکر کیمرون اور دولت مشترکہ(CPA)پارلیمانی ایسوسی ایشن کی ایگزیٹو کمیٹی کی چیئر پرسنEmilia Monjowa Lifaka  نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دولت مشترکہ کی پارلیمانی ایسوشی ایشن برائے ایشین ریجن کی پانچویں کانفرنس کے ایجنڈے سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں   اسد قیصر نے کہا کہ   دولت مشترکہ ایشن ریجن  کی پانچویں کانفرنس کا اسلام آبادمیں انعقاد پاکستان کے لیے اعزاز کا باعث ہے اور چیئر پرسن سی پی اے کی کانفرنس میں شرکت بھی  ہمارے لیے باعث مسرت ہے جبکہ  کانفرنس خطے کے ممالک کی پارلیمانوں کو قریب لانے اور خطے کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل طے کرنے میں ایک سنگ میل ثابت ہوگی۔

اسد قیصر نے کہا کہ دولت مشترکہ کے ممبر ممالک میں جمہوریت کے فروغ اور بہتر طرز حکمرانی کے فروغ کے لیے کردار قابل ستائش ہے، پاکستان کیمرون کے ساتھ اپنے خوشگوار تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور پارلیمانی و اقتصادی رابطوں کے فروغ کا خواہاں ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمانی سفارتکاری دونوں اقوام  کو قریب لانےمیں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

ڈپٹی اسپیکر کیمرون نے پاکستان آمد پر اُن کے اور وفد کے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا  کرتے ہوئے کہا کہ  پاکستان دولت مشترکہ کا ایک سرگرم رکن ہے اورخطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اس کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔انہوں نے کہا کہ مذاکرات  اور تبادلہ خیال کے ذریعے مسائل کا بہتر حل تلاش کیا جا سکتا ہے،دولت مشترکہ جمہوریت اور اجتماعیت کے ذریعے فیصلہ سازی کی مشترکہ اقدار پر یقین رکھتے ہیں۔

 

 

وی این  ایس ،اسلام آباد