اسلام آباد ، 29 جولائی (اے پی پی):وزیرِاعظم عمران خان سے ایم ڈی پاکستان بیت المال عون عباس بپی نے پیر کو وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ ایم ڈی پاکستان بیت المال نے وزیر اعظم عمران خان کو پاکستان بیت المال کی ایک سال کی کار کردگی کی رپورٹ پیش کی۔
ملاقات میں وزیر اعظم نے پاکستان بیت المال کی جانب سے مستحق افراد کی آسانی اور فلاح و بہبود کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہا،ملاقات میں ایم ڈی پاکستان بیت المال نے وزیر اعظم کو احساس پروگرام کے تحت رواں مالی سال میں شروع ہونے والے دارلاحساس سنٹرز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جس میں 10 ہزار سے زائد بچوں کو مکمل کفالت سمیت تعلیم و تربیت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے معذور افراد کی بحالی کے حوالے سے پاکستان بیت المال کی جانب سے دی جانے والی سہولیات، جدید تقاضوں کے ہم آہنگ اسسٹیو ڈیوائس، مصنوعی اعضاء اور معاشی بحالی کے حوالے سے بھی وزیرِ اعظم کو بریفنگ دی جبکہ ایم ڈی پاکستان بیت المال عون عباس بپی کیجانب سے وزیر اعظم عمران خان کو پاکستان بیت المال کی جانب سے مہلک بیماریوں میں مبتلا مستحق افراد کے علاج و معالجہ اور درخواست کے طریقہ کار کی آسانی اور سائیلین کو معلومات کی فراہمی کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
ملاقات میں پاکستان بیت المال کی موبائل ایپ اور سائیلین کی آسانی کے لئے شروع کیے جانے والے ون ونڈو آپریشن کے بارے بھی بریفنگ دی گئی۔
وی این ایس، اسلام آباد











