اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے سعودی وزیر برائے  ابلاغ عامہ ترکی عبداللہ کی وفد کے ہمراہ   ملاقات

200

اسلام آباد، 31جولائی )اے پی پی): سعودی وزیر برائے  ابلاغ عامہ ترکی عبداللہ  نے چاررکنی وفد کے ہمراہ  اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع  پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرنے کہا کہ پا کستان اورسعودی عرب کے مابین برادرانہ دیرینہ تعلقات ملکی او رعوامی سطح کے ہیں ،پاکستان کو سعودی عرب کے ساتھ اپنی دوستی پر فخر ہے۔

اسد قیصرنے کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی فراخدلانہ مد د کی ہے ،پاکستانیوں کی بڑی تعداد سعودی عرب میں مختلف شعبوں میں خدمات سر انجام دے رہی ہے اور اپنے ملک کے لیے قیمتی زرمبادلہ بھیج رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی طرف سے پاکستانی عازمین حج کی روڈ ٹو مکہ پروگرام کے تحت  سہولیات کی فراہمی قابل ستائش ہے،

قومی اسمبلی پاک۔سعودی فرینڈ شپ گروپ کے ذریعے دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط بنانے کو خواہاں ہے، اُمت مسلمہ کودرپیش مسائل پر قابو پانے کے لیے مسلم ممالک میں اتحاد اور یکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

سعودی وزیر ترکی عبداللہ نے کہا کہ دونوں برادر اسلامی ممالک اہم علاقائی علاقہ و عالمی امور پر یکساں موقف رکھتے ہیں۔ انہوں  نے کہا کہ عالمی و علاقائی فورمز پر دونوں نے ایک دوسرے کے موقف کی حمایت کی ہے،پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعلقات تاریخی بنیادوں پر استوار ہیں ۔

سعودی وزیر نے کہا کہ سعودی عرب سماجی و اقتصادی شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے، سعو دی عرب مشکل کی ہر گھڑ ی میں اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

ملاقا ت میں ممبران قومی اسمبلی سید نوید قمر ، خرم دستگیر خان ، احسان اللہ ٹوانہ ، ڈاکٹر حیدر علی اور ایوب آفریدی نے شرکت کی  ۔

وی این ایس،اسلام آباد