اسلام آباد، 06اگست(اے پی پی ):وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریا ت ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مقبوضہ وادی کے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں،کشمیر کی بہو ، بیٹیاں تحریک جدوجہد آزادی میں عظیم قربانیاں دے رہی ہیں۔وزیراعظم عمران خان اور پاکستان کا ہر شہری کشمیری بہن بھائیوں کیساتھ کھڑا ہے۔کشمیریوں کی سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔
کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کے گھر میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ مودی سرکار نے مقبوضہ وادی کی حیثیت تبدیل کرکے کشمیریوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا ۔پاکستان کسی صورت کشمیری بہن بھائیوں کا ساتھ نہیں چھوڑے گا۔یاسین ملک اور دیگر کشمیری حریت پسندوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام کشمیری عوام کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔دنیا کی کوئی طاقت کشمیر اورپاکستان کو جدا نہیں کرسکتی،پاکستان بھارت کی مکروہ کاغذی کارروائی کو مسترد کرتا ہے۔بھارت خطے کے امن کے درپے ہے،خطے کا کوئی بھی ملک بھارتی اقدام کی حمایت نہیں کرتا ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مشعال ملک کا کہنا تھا کہ جب بھی ہم پر مشکل وقت آیا تو ڈاکٹر فردوس پہلے مدد کو پہنچیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا کشمیری عوام کا مقدمہ لڑنے پر مشکورہیں۔ وزیراعظم کے کامیاب دورہ امریکہ سے کشمیری عوام میں امید کی کرن جاگی ہے۔
مشعال ملک نے کہا کہ کشمیری عوام جذبہ اسلامی اور حریت بھارتی فوج سے نبردآزما ہے، بھارت نے کشمیری قیادت کو گرفتار کرکے مقبوضہ وادی کو یرغمال بنارکھا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرے شوہریاسین ملک کو تہاڑ جیل میں موت کی کوٹھڑی میں رکھا گیا ہے۔مظلوم کشمیری عوام کی آواز پاکستان ہے۔بھارت کو مقبوضہ وادی کے علاقے سے غرض ہے،مسئلہ کشمیر کو فوری طور پر سلامتی کونسل میں اٹھایا جانا چاہیے۔
وی این ایس اسلام آباد