اسلام آباد، 06 اگست ( اے پی پی):معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کشمیری عوام تحریک جدوجہد میں عظیم قربانیاں دے رہے ہیں۔پاکستانی قوم تحریک آزادی کے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔ وہ پارلیمنٹ ہاؤس کےباہر میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں۔
ان کا کہنا تھاکہ بھارتی یکطرفہ مکروہ عمل سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔کشمیری انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی طاقتوں کو مدد کیلئے پکار رہے ہیں۔مودی سرکار کے اقدام سے بھارت کے جعلی سیکولرازم کا نقاب ہٹ گیا۔کشمیر ہماری رگوں میں خون کی طرح دوڑتا ہے۔ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی،سفارتی اور اخلاقی مدد جاری رکھے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کو ہر عالمی فورم پر اجاگر کرتے رہیں گے۔بھارتی اقدام علاقائی امن پر منفی اثرات مرتب کریگا۔ بھارت نے آرڈیننس کے ذریعے کشمیریوں کو یرغمال بنانے کا بھونڈا اقدام اٹھایا۔ ردی کے کاغذ کے ٹکرے کو مقبوضہ کشمیر اور پاکستان کی عوام نے مسترد کردیا ہے۔بھارت نے مکروہ عمل کرکے خطے کا امن داؤ پر لگایا،خطے کی ترقی کا دشمن بن کر سامنے آیا۔کشمیر کاز کو طاقت سے کچلنے کی کوشش خطے کے امن کو داؤ پر لگاسکتی ہے۔ ہندوستان کسی صورت خطے کی ترقی اور امن کی سوچ نہیں رکھتا۔ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر کی سیاسی قیادت کو کشمیریوں کی حمایت پر خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ کشمیریوں کیساتھ نا انصافی کو اجاگر کرنے پر میڈیا کے شکر گزار ہیں۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدام کے بعد پاکستان میں تمام متعلقہ فریق حکمت عملی وضع کررہے ہیں۔ بھارتی اقدام کے بعد پاکستان تمام آپشنز زکا جائزہ لے رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان خطے کے امن اور ترقی کیلئے کام کررہے ہیں۔ بھارتی اقدام کو ان کی اپنی کٹھ پتلی انتظامیہ مسترد کرچکی ہے۔ امریکی صدر کے بیان کے بعد مودی سرکار بوکھلاہٹ کی شکار ہے۔کشمیری عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
وی این ایس، اسلام آباد