سری لنکن اور پاکستان کرکٹ بورڈکے وفود کی سینٹرل پولیس آفس کراچی آمد

221

کراچی ،07 اگست(اے پی پی) :سری لنکا کرکٹ بورڈ کے پانچ رکنی  وفد نے  سیکریٹری سری لنکن کرکٹ بورڈموہن ڈی سلوا  کی قیادت میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے بھی پانچ رکنی وفد نے ڈائریکٹرانٹرنیشنل کرکٹ آپریشن ذاکرخان کی قیادت  میں سینٹرل پولیس آفس کراچی کا دورہ کیا اور آئی جی سندھ ڈاکٹرسیدکلیم امام کی ذیرصدارت خصوصی اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے آئندہ ماہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان اور سری لنکا کرکٹ ٹیمز کے درمیان ہونیوالی دو ٹیسٹ میچوں  پرمشتمل سریز کے موقع پرپولیس سیکیورٹی اقدامات، حکمت عملی اورلائحہ عمل پرتفصیلی بات چیت کی اوراس حوالے سے تمام ترضروری تجاویز/مشاورت اور بریفنگ سے آگاہی حاصل کی۔

اجلاس میں سیکریٹری داخلہ سندھ،قونصل جنرل سری لنکا،ایڈیشنل آئی جیزآپریشنز، اسپیشل برانچ،کراچی کے علاوہ سیکٹرکمانڈر رینجرزبریگیڈیئرشفیق سمیت ہیڈکوارٹر،ساتھ، ایسٹ،ٹریفک،ٹی اینڈ ٹی کے ڈی آئی جیزاور کمانڈنٹ ایس ایس یو ودیگر سینئرپولیس افسران نے شرکت کی۔

آئی جی سندھ نے سری لنکن اور پاکستان کرکٹ بورڈکے وفود کی سینٹرل پولیس آفس کراچی آمدپرانکا استقبال کیا۔آئی جی سندھ نے وفد کو بتایا کہ سندھ میں امن وامان کے حالات پہلے سے بہتر اور مستحکم ہیں۔انہوں نے کہا کہ نائن الیون کے بعد پاکستان بھی بگڑے ہوئے حالات اور امن وامان کی بے یقینی کی گرفت میں آیا تھا تاہم ملک کی مسلح افواج،قانون نافذ کرنیوالے اداروں،رینجرز اورپولیس کے تمام تر سنجیدہ اقدامات، کاوشوں اور جرائم کے خلاف منظم کریک ڈان اور آپریشنز کی بدولت قیام امن کے حالات میں ناصرف بہتری آئی بلکہ عوام کے اعتماد کو بھی تقویت ملی۔

انہوں نے وفد کو سندھ پولیس کی جانب سے یہ یقین دلایا کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد کے ساتھ ہی انھیں بین الاقوامی معیار اور طرز کے عین مطابق ہر سطح پرفول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائیگی۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی نے وفد کو خوش آمدید کہا اور اپنی جانب سے نیک تمناں کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی پولیس امن وامان کے حالات کے مستحکم قیام کے حوالے سے انتہائی پرعزم اور متحرک ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ سیکیورٹی اقدامات کے جاری تسلسل کوبرقرار رکھتے ہوئے سری لنکااور پاکستان کے مابین ہونے والے کرکٹ میچز کے دوران بھی کوئی کسر نہ چھوڑتے ہوئے حفاظتی اقدامات کو غیرمعمولی بنایا جائیگا۔

سورس: وی این ایس، کراچی