اسلام آباد ، 07 ستمبر ( اے پی پی ): چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی سہ ملکی مذاکرات میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔نورخان ایئربیس بیس پہنچنے پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے چینی وزیر خارجہ کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔
چین، افغانستان، پاکستان سہ ملکی وزراءخارجہ مذاکرات کا تیسرا دور آج سات ستمبر دوہزار انیس کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیرصدارت اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ سٹیٹ قونصلر اورچین کے وزیر خارجہ وانگ ژی اور افغانستان کے وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی اپنے، اپنے ممالک کے وفود کی قیادت کریں گے۔ مذاکرات کے ایجنڈے میں سیاسی تعلقات،افغان امن عمل، سیکیورٹی تعاون وانسداد دہشت گردی، ترقیاتی تعاون اور باہمی روابط کا فروغ شامل ہے۔ ان مذاکرات کے پہلے دو اجلاس دوہزار سترہ میں بیجنگ جبکہ دوسرا، دسمبر دوہزار اٹھارہ میں کابل میں ہوا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان تہنیتی جملوں کا تبادلہ ہوا جس میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چین، افغانستان، پاکستان وزراءخارجہ مذاکرات کا مقصد باہمی مفاد کے امور بالخصوص معاشی ترقی اور امن وسلامتی پر تینوں ممالک میں تعاون کو فروغ دینا ہے ۔سیاسی اعتماد سازی، ترقی وتعاون اور روابط کے فروغ کے حوالے سے یہ سہ ملکی مذاکرات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں جبکہ ان مذاکرات کے نتیجے میں تینوں ممالک کے مابین، یکساں مفاد کے امورپر زیادہ بہتر ہم آہنگی سامنے آئیگی ۔
وی این ایس ، اسلام آباد











