اسلام آباد، 29نومبر(اے پی پی): ماں اور بچے کی صحت اور خوراک سے متعلق اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک کی مشیر اور سلطنت اردن کی شہزادی سارہ زید نے کہا ہے کہ بچوں کی اچھی زندگی اور خاندان کے بہتر مستقبل کو یقینی بنانے میں ماؤں کا کردار سب سے زیادہ اہم ہے۔ پاکستان میں خوراک کی کمی تو نہیں لیکن بچوں کے لئے صحت مند خوراک کے حوالے سے مناسب توجہ کی ضرورت زیادہ ہے۔
پاکستان کے چار روزہ دورہ کے آخری دن صحافیوں سے بات چیت کرتےہوئے شہزادی سارہ نے کہا کہ وزیراعظم بننے کے بعد عمران خان کی پہلی تقریر میں غیرمعیاری خوراک اور قد مناسب طور پر نہ بڑھنے سے متعلق گفتگو نہ صرف اقوام متحدہ کے ادارہ خوراک کے لئے ایک خوش کن امر تھا بلکہ میرے دورے کے موقع پر بھی میں نے اس سلسلے میں عام لوگوں اور حکومتی حلقوں میں جو سنجیدگی دیکھی، وہ نہایت حوصلہ افزا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خوراک کے معاملے میں بچے کی پیدائش کے بعد پہلے ہزار دن، یعنی ایک سال اگر ماں اور بچے کو صحت مند خوراک ملے تو اس کے اچھے اثرات زندگی بھر قائم رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی خوراک اور صحت میں جو رقم خرچ ہوتی ہے یہ بہترین سرمایہ کاری ہے۔
یاد رہے کہ شہزادی نے دورہ پاکستان کے موقع پر بلوچستان کے ضلع پشین میں ان لوگوں سے بھی ملاقاتیں کیں جو ادارہ برائے خوراک کے ساتھ بدخوراکی کے خلاف مہم کا حصہ ہیں۔اپنے دورہ کے موقع پر شہزادی سارہ نے وزیراعظم عمران خان، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، قومی صحت کے وزیر ڈاکٹر ظفر مرزا، بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کی سربراہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور دیگر اعلی حکام سے ملاقاتیں کیں۔
دورہ کے اختتام پر ہونے والی اس تقریب سے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک کے کنٹری ڈائریکٹرفن بار کورن نے بھی خطاب کیا ۔
وی این ایس، اسلام آباد