وزیراعظم عمران خان کا پی آئی اے میں جاری اصلاحات کے عمل پر اطمینان کا اظہار

152

اسلام آباد، 29 نومبر (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان نے پی آئی اے میں جاری اصلاحات کے عمل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ایئر لائن کی بحالی اور اسے منافع بخش ادارہ بنانا حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو ہوا بازی ڈویژن سے متعلق معاملات پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں ہوا بازی ڈویژن سے متعلق معاملات خصوصاً پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز میں حالیہ اصلاحات کے ثمرات اور ملکی ہوائی اڈوں کے بہتر انتظام کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

چیئرمین پی آئی اے ایئر مارشل ارشد محمود نے اجلاس کو بتایا کہ قومی ایئرلائن میں اصلاحات کے خاطر خواہ ثمرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جہاں ایک طرف قومی ایئر لائنز کی پروازوں میں 47 پروازوں کا اضافہ کیا گیا ہے اور 2 نئے جہاز پی آئی اے فلیٹ میں شامل کئے گئے ہیں وہاں پی آئی اے کے ماہانہ خسارے میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس کارکردگی میں مزید بہتری لانے اور ادارے کو منافع بخش ادارہ بنانے کےلئے پی آئی اے کی موجودہ انتظامیہ شب و روز مصروفِ عمل ہے۔

اجلاس میں ملکی ہوائی اڈوں کے بہتر انتظام اور مسافروں کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات کی فراہمی کےلئے کئے جانے والے فیصلوں پر عملدرآمد میں پیشرفت اور مستقبل کے لائحہ عمل کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزیر ہوا بازی غلام سرور، وزیرِ بحری امور سیّد علی حیدر زیدی، وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، معاون خصوصی ندیم بابر، معاون خصوصی سیّد ذوالفقار عباس بخاری، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ سیّد زبیر گیلانی، سیکرٹری ہوا بازی شاہ رخ نصرت و دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

سورس: وی این ایس، اسلام آباد