راولپنڈی ، 09 دسمبر ( اے پی پی ): پاکستانی فاسٹ باؤلر عثمان شنواری نے کہا ہے کہ اپنے ہوم گراؤنڈ میں اپنے لوگوں کے سامنے اچھا پرفارم کرنے کے لیے پر عزم
ہیں ۔ہوم گراؤنڈ پر کارکردگی دکھا کر سیریز اپنے نام کریں گے۔ کوشش ہے کہ ہوم گراؤنڈ میں سے ٹیسٹ چیمپئن شپ کا آغاز جیت سے ہو ۔
راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان شنواری کا کہنا تھا کہ دس سال بعد ہمارے گراؤنڈ کا آباد ہونا خوش آئند ہے، مینجمنٹ کا شکرگزار ہوں جنہوں نے ٹیسٹ میں موقع دیا جبکہ خوشی کی بات ہے کہ اپنی عوام کے سامنے کھیلوں گا۔
پاکستانی فاسٹ باؤلر نے کہا کہ کوشش کروں گا کہ ٹی ٹونٹی کی طرح ٹیسٹ میں پرفارم کروں ۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ ٹیسٹ کرکٹ کا آغاز پانچ وکٹوں سے کروں ۔ پاکستان کے پاس جتنے فاسٹ باؤلرز ہیں سارے بہترین ہیں اور راوالپنڈی کی وکٹ نے ہمیشہ فاسٹ باؤلرز کو سپورٹ کیا ہے ۔
عثمان شنواری نے مزید کہا کہ جس ٹیم کے خلاف کھیلتے ہیں ان کی خوبیوں اور خامیوں کو ذہن میں رکھ کر ٹریننگ کرتے ہیں ،کوشش کریں گے کہ اس ٹیسٹ سیریز کو آسان نہ لیں اور اپنی ہار کی روش کو توڑیں ۔
وی این ایس ، راولپنڈی