اسلام آباد ، 23 دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان سے جاپانی وزیراعظم شنزو ایبے کے خارجہ امور کے خصوصی مشیر سنورا کنتارو نے پیر کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاک جاپان باہمی تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے سرمایہ کار دوست ترقی پر مبنی اور عوام دوست پالیسیوں کے ذریعے معاشی ترقی کے لئے اپنی حکومت کے اقدامات کو اجاگر کیا۔ خارجہ پالیسی کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ پر امن ماحول پیدا کرنے کے لئے کی گئی اپنی کوششوں سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے باہمی مفاد پر مبنی تعاون بالخصوص سرمایہ کاری، تجارت، زراعت، صنعت، انسانی وسائل کی ترقی، تعلیم، سیاحت اور عوام کی سطح پر رابطوں میں اضافے کے لئے پاکستان اور جاپان کو مل کر کام کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان تمام شعبوں میں جاپانی کاروباری برادری کا خیر مقدم کرنے کے لئے تیار ہے۔ ملک میں معاشی بہتری اور کاروبار میں آسانی کے حوالے سے حکومت کی کوششوں کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ جاپانی کمپنیاں پاکستان میں وسیع مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی المیے اور انسانی حقوق کی بدترین صورتحال کو اجاگر کیا جو کہ بھارت کے غیر قانونی اقدامات اور جارحانہ رویہ علاقائی امن و سلامتی کے لئے سنگین خطرہ ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے امید ظاہر کی کہ بین الاقوامی برادری کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق کے احترام کو یقینی بنانے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کرنے میں معاونت کا اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔
وزیراعظم نے افغانستان میں جاپانی امدادی کارکن ٹیٹسو ناکامورا کی المناک ہلاکت پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے افغان امن و مفاہمتی عمل میں پاکستان کے بھرپور تعاون کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
جاپانی وزیراعظم کے خصوصی مشیر برائے خارجہ امور نے دوطرفہ تعلقات میں حالیہ اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے علاقائی امن و ترقی کے لئے وزیراعظم عمران خان کی کوششوں کے لئے جاپان کا تعریفی پیغام بھی پہنچایا۔ خصوصی مشیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جاپان کی حکومت باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لئے مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں برآمدات کے فروغ، زرعی پیداوار میں اضافہ، آئی سی ٹی، پولیو کا خاتمہ، آبی وسائل کے ذریعے سماجی و اقتصادی ترقی میں معاونت فراہم کرے گا۔ علاقائی تناظر میں خصوصی مشیر نے پر امن اور پائیدار افغانستان کے لئے پاکستان کی کوششوں اور تعاون کو سراہا۔
وی این ایس، اسلام آباد