تہران ، 13 جنوری (اے پی پی ):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نےایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی سےملاقات کی جس دوران ایران امریکہ کشیدگی، خطے میں امن و امان کی صورتحال اور پاکـ ایران کثیرالجہتی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات میں وزیر خارجہ نے حالیہ صورتحال پر پاکستان کا موقف ایرانی صدر کے سامنے رکھتے ہوئے خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے معاملات کو سفارتی ذرائع بروئے کار لا کر افہام و تفہیم سے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قر یشی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین گہرے ،تاریخی، مذہبی اور ثقافتی برادرانہ تعلقات ہیں ،پاکستان ،ایران کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ۔پاکستان خطے میں کسی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا لیکن خطے میں قیام امن اور کشیدگی کے خاتمے کیلئے اپنا متحرک اور مثبت کردار ادا کرنے کیلئے پر عزم ہے۔
وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھانے اور پاکستان کے موقف کی حمایت اور پر زور تائید پر وزیراعظم عمران خان کی طرف سے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنی اور ایرانی صدر کا شکریہ بھی ادا کیا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے خطے میں قیام امن کیلئے، خطے کے مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ہونیوالے حالیہ روابط کی تفصیلات سے بھی ایرانی صدر کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی طرف سے سامنے آنے والے حالیہ بیانات حوصلہ افزا ہیں جبکہ پاکستان کا موقف یہی رہا ہے کہ خطہ مزید کشیدگی اور کسی نئی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
اس موقع پر ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے پاکستان کی طرف سے قیام امن کی کوششوں کو سراہتے ہوئے واضح کیا کہ ایران کشیدگی میں اضافے کا متمنی نہیں۔
وی این ایس ،اسلام آباد