آل پاکستان انٹر بورڈ سپورٹس گالا کے مقابلے  اسلام آباد سپورٹس کمپلیکس میں جاری

543

اسلام آباد، 14 جنوری ( اے پی پی): انٹر بورڈ سپورٹس کمیٹی کے زیر اہتمام پاکستان سپورٹس بورڈ کے تعاون سے پاکستان انٹر بورڈ سپورٹس گالا کے بوائز کے مقابلے پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں جاری  ہیں ۔   بوائز مقابلوں میں اتھلیٹکس ، بیڈمنٹن، ہاکی، فٹ بال اور ٹیبل ٹینس کے مقابلے شامل ہیں، گزشتہ روز ٹیبل ٹینس مقابلوں میں پشاور بورڈ نے میدان مار لیا جبکہ فٹبال سمیت بیڈمنٹن اور اتھلیٹکس کے فائنل مقابلے کل منعقد ہو نگے۔

پاکستان اسپورٹس بورڈ اسلام آباد میں جاری پاکستان انٹر بورڈ بوائز  گالا 2020 کے چوتھے دن کے کھیل میں بیڈمنٹن میں انٹرمیڈیٹ سیکنڈری ایجوکیشن بورڈ پشاور اور ملتان بورڈ نے فائنل کے لئے کوالیفائی  کر لیا ۔پہلے سیمی فائنل میں تعلیمی بورڈ پشاور نے ٹیکنیکل بورڈ پشاور کو 0۔ 2 سے شکست دے دی دوسرے سیمی فائنل میں ملتان نے گجرانوالا کو 0۔ 2 سے شکست دے دی ۔ایتھلیٹکس کے 100 میٹر دوڑ میں پہلی پوزیشن گجرانوالا کے ندیم دوسری پوزیشن تعلیمی بورڈ پشاور کے واجد اور تیسری پوزیشن لاہور کے اسامہ نے لی جبکہ 800 میٹر دوڑ میں پہلی پوزیشن  اسلام آباد کے سمیع اللہ دوسری پوزیشن اسلام آباد کے قاسم  اور تیسری پوزیشن فیصل آباد کے بہاول نے لی ۔

شاٹ پٹ میں پہلی پوزیشن تعلیمی بورڈ پشاور کے ذیشان خان، دوسری پوزیشن لاہور کے رستم یونس، تیسری پوزیشن گجرانوالا کے محمد زین نے لی ۔لانگ جمپ میں پہلی پوزیشن فیصل آباد کے اسفر خان، دوسری پوزیشن پشاور کے واجد علی اور  تیسری پوزیشن لاہور کے محمد ابرار نے لی۔

ہاکی کی پہلی سیمی فائنل میچ میں لاہور نے سوات کو  0۔ 2 سے شکست دے کر فائنل میں جگا بنا لی۔ لاہور کی طرف سے محمّد عمران اور کبیر نے گول کیا۔دوسری سیمی فائنل میچ میں فیصل آباد نے پنلٹی شوٹ آؤٹ کے تحت تعلیمی بورڈ پشاور کو 2۔ 3 سے شکست دے کر فائنل مین جگہ بنا دی۔ فیصل آباد کی طرف سےسارم،شاہزیب اور عزیر نے ایک ایک گول  کیا، پشاور کی طرف سے قیصر اور عمر نے ایک ایک گول کیا ۔

اسلام آباد بورڈ کی جانب سے ہاکی ٹیم کے کوچ کامران  نے اے پی پی سے بات کرتے ہوئے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے فروغ کے لیے اس کاوش کو سراہا اور کہا کہ اس طرز کے مقابلے قومی سطح پر ہاکی کے ٹیلنٹ کو ابھارنے میں مدد گار ثابت ہونگے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بے  پناہ ٹیلنٹ ہے صرف اسکو نکھارنے کی ضرورت ہے۔

ڈائیریکٹر سپورٹس ٹیکنکل بورڈ پشاور  مومن خان نے کہا کہ حکومت سپورٹس کی پروموشن پر بھرپور توجہ دے  رہی ہے  اور خیبر پختونخوا میں سپورٹس  ٹیلنٹ ابھر کے سامنے آرہا ہے ، خیبرپختونخوا سے سامنے آنے والے کھلاڑی نا صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔

وی این ایس،  اسلام آباد