وزیر اعظم   کا   آزاد کشمیر میں برفانی تودا گرنے کے بعد کا نوٹس ، فوری امدادی اقدامات کی ہدایت

173

اسلام آباد،15جنوری (اے پی پی ): وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا  ہے کہ  آزاد کشمیر اور بلوچستان میں برفباری سے حادثات پر ہلاکتوں پر بے حد رنج و غم ہے۔ آزاد جموں کشمیر میں برفانی تودا گرنے کے بعد کی صورتحال کا وزیراعظم نے  نوٹس لیتے ہوئے فوری امدادی اقدامات کی ہدایت کی ہے جبکہ متعلقہ اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر مشکلات سے دوچار شہریوں اور متاثرین کی بھرپور امداد کے احکامات دیئے  ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ  ٹویٹر  پر  اپنے پیغام میں معاون  خصوصی  کا کہنا تھا کہ اپنی  تمام تر مصروفیات ایک طرف رکھتے ہوئے  وزیراعظم آج آزاد جموں وکشمیر جائیں گے اور تازہ ترین صورتحال کا خود جائزہ  سمیت  زخمیوں کی عیادت کریں گے۔ وزیراعظم نے متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے سمیت زخمیوں کے بھرپور علاج معالجے کی بھی  ہدایات دیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے  کہا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں ہم سب اپنےہم وطنوں کے ساتھ ہیں۔  آزاد جموں و کشمیر حکومت اور متعلقہ محکموں کے اشتراک عمل سے متاثرہ خاندانوں  اور شہریوں کی مدد کیلئے تمام وسائل اور صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔

وی این ایس ، اسلام آباد

Download Video