اسلام آباد ، 8 فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جب تک ہندوستان کشمیریوں کو انکا بنیادی حق خود ارادیت نہیں دیتا ان سے کرکٹ مقابلے کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہونگے ،کھیلوں کا فروغ صحت مند معاشرے کیلئے ضروری ہے ، ملک میں انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی نیک شگون ہے، ملک کے دیگر شہروں میں بھی کرکٹ بحال کرینگے،وزیر اعظم نے کرکٹ کے ڈھانچے کی تشکیل نو کی ہے ۔
ہفتہ کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹیسٹ میچ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ بنگلادیش کی ٹیم کا پاکستان آنا خوش آئندہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پر امن ملک ہے ،کرکٹ کے ساتھ دیگر کھیلوں کو بھی ملک میں بحال کرنا چاہتے ہیں۔حکومت نے مقامی سطح پر کرکٹ کے ڈھانچے کو مضبوط کیا۔سری لنکا کی کرکٹ ٹیم اور حکومت کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کیلئے نمایاں کردار ادا کیا ۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان خود کھلاڑی ہیں اور وہ کھیل کی افادیت سے آگاہ ہیں ۔ کھیل ذہنی آبیاری میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اور اعصاب کو مضبوط بنانے کا ذریعہ ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ عمران خان چیلینجوں کو موقعوں میں بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
معاون خصوصی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے امن کے داعی اور علمبردار ہونے کے بیانیہ کو دنیا پذیرائی دے رہی ہے ،کھیلوں کے ذریعے ہم دنیا کے سامنے پاکستان کا حقیقی روشن چہرہ روشناس کرائیں گے ۔ پاکستان میں کھیل کے میدان آباد ہوئے ہیں تو یہ وزیر اعظم کی کاوشیں ہیں ، وزیر اعظم کی ذمہ داریاں ایسی ہیں کہ انہیں قومی ایجنڈے کو مدنظر رکھنا ہوتا ہے ، وہ جہاں بھی ہوں انہیں کرکٹ کی بہتری عزیز ہے ۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ساﺅتھ ایشین گیمز کے انعقاد سے ان ممالک کے ساتھ پاکستانی روابط مضبوط ہونگے، پاکستان کا ٹیلنٹ دنیا کے سامنے پیش کرنے کے مواقع میسر آئیں گے ۔ اس عالمی ایونٹ پر دنیا کی نظریں ہونگی، حکومت اسے نظر انداز نہیں کر سکتی ، اس کیلئے تمام متعلقہ وزارتیں اور ادارے کام کر رہے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہمارے ایک ہمسایہ ملک نے پاکستان میں کرکٹ کے قتل عام کیلئے ہر فورم پر پراپیگنڈا کیا ، ہر راستے میں رکاوٹیں کھڑی کیں، پاکستان کے بارے میں غلط بیانہ دنیا کے سامنے رکھا تاہم آج اس کی نفی ہوگئی ہے۔
وی این ایس ، اسلام آباد