اقوام   متحدہ   کے سیکرٹری جنرل کی  چار دہائیوں سے افغان مہاجرین کی میزبانی کرنے پر پاکستان کو خراج تحسین

137

اسلام آباد ، 17 فروری (اے پی پی): اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترس نے گزشتہ چار دہائیوں سے افغان مہاجرین کی فراخدلی سے میزبانی کرنے پر پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی عوام اور حکومت نے افغان مہاجرین کیلئے نہ صرف گھروں بلکہ اپنے دلوں کے دروازے بھی کھولے،عالمی برادری لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی پر پاکستان کوا مداد فراہم کرے۔

وزیر خارجہ  شاہ محمود قریشی  کے ہمراہ  مشترکہ  پریس کانفرنس  سے خطاب  میں   سیکرٹری جنرل نے کہا کہ افغان امن عمل میں مشکلات کے باوجود پیش رفت ہوئی ہے،افغان مسئلہ طاقت سے حل نہیں ہو سکتا ۔ بین الاقوامی برادری کو کھل کر افغان امن کی حمایت کرنی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ طالبان نے بھی سیکورٹی معاملات پر یقین دہانیاں کرائی ہیں جبکہ افغان امن کے لیے پاکستان اور افغانستان کو رابطے بڑھانے ہوں گے۔ افغان پاکستان اقتصادی تعاون سے افغان امن کی نئی راہیں کھلیں گی۔ انہوں نے کہا کہ امن مذاکرات کہیں بھی ہوں اقوام متحدہ اپنا کرداد ادا کرے گا۔

 وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کسی بلیم گیم کا حصہ نہیں بنے گا، اافغانستان اور پاکستان دونوں ایک دوسرے  کی ضرورت ہیں ۔فوج کے انخلاء کے باوجود بھی امریکہ کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم افغان مہاجرین کی باعزت او مرحلہ وار واپسی کے خواہاں ہیں۔ افغانستان اور پاکستان ایک دوسرے کی ضرورت ہیں اور دونوں ملکوں نے اکھٹا رہنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم مل کر امن کے دشمنوں کو شکست دے سکتے ہیں اور مشترکہ کوششوں سے اس خطے میں ترقی کے نئے دور کیلئے راہیں کھول سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید  کہا کہ افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے سب سے اہم کردار افغان عوام کو ادا کرنا ہوگا اور اس مقصد کیلئے انٹرا افغان ڈائیلاگ ضروری ہے۔

وی این ایس، اسلام آباد

Download Video