پشاور، 18فروری(اے پی پی): صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف اب بھی جنگ جاری ہے، سو فیصد دہشتگردی ختم نہیں ہوئی اور اسی دہشتگردی کو ختم کرنے کیلئے فوج، پولیس اور سیکورٹی اداروں کے اہلکاروں نے اپنی جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔
خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی اے این پی کے قبائیلی اضلاع سے متعلق باچا خان مرکز میں جرگہ سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جو منتخب لوگ اسمبلیوں میں آئے ہیں انکی وساطت سے قبائیلی اضلاع میں ترقیاتی کام ہونگے۔
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ جہاں دہشتگردی ہوتی ہے اسے ختم کرنا ہوتا ہے، ملاکنڈ ڈویژن میں بھی دہشتگردی تھی مگر اب وہاں امن ہے یہا ں تک کہ وزیراعلی بھی وہاں سے منتخب ہوئے ہیں۔
وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے مزید کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے اور اسکے لئے ہمیں ایک صحت مند قوم تشکیل دینا ہوگی لیکن بدقسمتی ہے کہ پولیو ابھی بھی پاکستان میں ایک بڑے چیلنج کی شکل میں موجود ہے جسکے خلاف ہمیں پولیو مہم میں بحیثیت قوم حصہ لینا ہوگا۔
وی این ایس پشاور