حکومت آزادی صحافت پرمکمل  یقین رکھتی ہے، صحافی برادری کو فرائض سر انجام دینے کے لیے ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جائے: اعجاز شاہ

109

اسلام آباد،18 فروری(اے پی پی ): وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا کہ موجودہ حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے، صحافی برادری کو فرائض سر انجام دینے کے لیے ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

 ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر داخلہ نے  اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کے دوران کیا ، ملاقات میں  صحافی عزیز میمن کے قتل کی تحقیقات سمیت ملک کی مجموعی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔

صحافی عزیز میمن کےقتل کو قابل مذمت فعل  قرار  دیتے  ہوئے  وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عزیز میمن کے قتل کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کو یقینی بنایا جائے گا،عزیز میمن کے قتل میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے عزیز میمن کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ  عزیز میمن کا بہیمانہ قتل آزادی صحافت پر کاری ضرب ہے۔ عزیزمیمن کے قتل کی فوری تحقیقات کی  اور  تحقیقاتی عمل میں غیر جانبداری اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کے  کہا کہ صحافیوں کو پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی میں حائل مشکلات کو حل کرنے کے لیے اقدامات اُٹھائے جائیںِ، عزیز میمن کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر اُٹھا نہ رکھی جائے۔

وی این ایس،اسلام آباد